خالی پیٹ لہسن کھانے سےخون کی روانی بہتر’قبض، گیس اور تیزابیت میں افاقہ
یہ ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے مفید' کولیسٹرول کی سطح کم کرنے میں بھی مددگار ہے
لاہور(ہیلتھ ڈیسک)نہار منہ لہسن کھانا صحت کیلیے ایک موثر طریقہ مانا جاتا ہے، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ خالی پیٹ لہسن کھانے کے بے شمار فوائد ہیں جو صحت کو بہتر بناتے ہیں۔ماہرین کے مطابق سب سے پہلے لہسن اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی وائرل خصوصیات کا حامل ہے، جو جسم کو مختلف قسم کی انفیکشنز سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔اس کا باقاعدہ استعمال مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے اور جسم میں نقصان دہ بیکٹیریا کا خاتمہ کرتا ہے۔لہسن میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جسم میں فری ریڈیکلز کو ختم کرنے میں مدد دیتے ہیں، جو عمر بڑھنے کے عمل کو سست کر سکتے ہیں۔
نہار منہ لہسن کھانے سے خون کی روانی بہتر ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ یہ ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔اس کے علاوہ لہسن کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے، جس سے دل کی بیماریوں کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔لہسن نظامِ ہاضمہ کو بہتر بنانے کے لیے بھی مشہور ہے۔ خالی پیٹ اس کا استعمال معدے کی کارکردگی کو بڑھاتا ہے اور ہاضمے کے مسائل جیسے قبض، گیس اور تیزابیت میں افاقہ کرتا ہے۔
یوں تو لہسن کے بہت سے فوائد ہیں لیکن اس کا نہار منہ استعمال خاص طور پر ان لوگوں کے لیے مفید ہے جو اپنی صحت کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ تاہم کسی بھی نئی غذا کو اپنی خوراک میں شامل کرنے سے پہلے طبی مشورہ لینا بہتر ہوتا ہے۔