ناشتہ چھوڑنے کا نقصان کیا’آنکھ کھلنے کے بعد کتنی دیر تک ناشتہ کر لینا چاہیئے؟
ناشتہ چھوٹ جائے تو شام کے وقت ایسی چیزیں کھائیں جو غذائیت سے بھرپور ہوں
لاہور(ہیلتھ ڈیسک)اچھی غذا کھانے کا آغاز دن کے آغاز سے ہونا چاہیے۔ اچھا اور بھرپور ناشتہ نا صرف آپ کی صحت کو برقرار رکھتا ہے بلکہ آپ کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ جو لوگ صحت بخش ناشتہ کرتے ہیں ان کی خوراک میں زیادہ غذائی اجزا ہوتے ہیں جیسے پروٹین، فائبر، کیلشیم، وٹامن اے اور سی، رائبو فلاوین، زنک اور آئرن وغیرہ۔ناشتے کو عام طور پر دن کا سب سے اہم کھانا کہا جاتا ہے اور یہ کہنے کی وجہ معقول ہے۔ صبح کے ناشتے کے بہت سے فوائد ہیں، اس عادت کو اپنانے سے توانائی کے ساتھ ساتھ وزن مناسب رہتا ہے، ذیابیطس ٹائپ 2 اور دل کے امراض کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
جو لوگ باقاعدگی سے ناشتہ کرتے ہیں ان کا وزن کم ہوتا ہے اور نہ کرنے والے لوگ موٹاپے کی طرف جاتے ہیں۔ناشتے کو انگریزی میں بریک فاسٹ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ رات بھر خالی پیٹ رہنے کے بعد کھانے کا ایک وقفہ ہے۔ اس سے گلوکوز میسر آتا ہے جس سے جسم میں توانائی بڑھ جاتی ہے اور انسان چاق چوبند ہوجاتا ہے۔اس کے علاوہ اچھی صحت کے لیے ضروری غذائی اجزا میسر آتے ہیں۔ رات کو سونے سے تین گھنٹے قبل کھانا چھوڑ دینا چاہیے، اس سے معدے کو بھی آرام رہتا ہے اور صبح تک وہ کھانا آپ کے جسم میں استعمال ہوجاتا ہے۔
ماہر غذائیت کے مطابق اچھی غذائیت بہت اہم ہے یعنی جو کھایا جا رہا ہے وہ غذائیت سے بھرپور ہونا چاہیے اور اس میں تمام ضروری غذائی اجزا ہونے چاہئیں۔ صبح اٹھنے کے ایک گھنٹے کے دوران ناشتہ کرنا صحت کے لیے بہت ضروری اور مفید ہے، تاہم اگر کسی وجہ سے ناشتہ چھوٹ گیا ہے تو کوشش کریں کہ دوپہر یا شام کے وقت ایسا کھانا کھائیں جس سے ناشتے کی کمی پوری ہوجائے۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ زیادہ کھائیں بلکہ ان غذائی اجزا کو شامل کریں جو رہ گئے تھے۔