صحت

پھیپھڑوں کی بیماری ٹی بی‘ اس کا خاتمہ اب ناممکن نہیں

ٹی بی ہو جائے تو دوسروں کو بچانے کے لئے آئسولیشن میں رہیں

لاہور(ہیلتھ ڈیسک)پاکستان میں سال بھر میں اڑھائی لاکھ سے زائد افراد ٹی بی کی وجہ سے دنیا چھوڑ جاتے ہیں اورٹی بی کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان دنیا میں 5 ویں نمبر پر ہے۔تپ دق یا ٹی بی ایسا مرض ہے جو عموماً پھیپھڑوں کو متاثر کرتا ہے، یہ پاکستان کا بہت بڑا مسئلہ ہے تاہم اس کا علاج اور بچاؤ ممکن ہے۔آپ کے گھر کا کوئی فرد ٹی بی میں مبتلا ہو تو یہ جان لیں ہ یہ مرض سو فیصد قابلِ علاج ہے۔

زمین پر جب تک ٹی بی کا ایک مریض بھی موجود ہے، اس وقت تک اس مرض کا خاتمہ ممکن نہیں، کیونکہ ایک مریض ہی اس مرض کو دیگر افراد تک پھیلنے کا موجب بنتا ہے۔یہ ہوا کے ذریعے پھیلنے والی بیماری ہے، اس مرض کا موجب بننے والا بیکٹیریا Mycobacterium Tuberculosis سانس کے ذریعے پھیلتا ہے، جب ٹی بی سے متاثرہ فرد کھانستا یا چھینکتا ہے تو خارج ہونے والی بوندوں میں جراثیم ہوتے ہیں جو ہوا میں منتشر ہو جاتے ہیں اور آس پاس موجود افراد کے نظام تنفس کے ذریعے اُنکے پھیپھڑوں میں منتقل ہو جاتے ہیں۔

ٹی بی کی تشخیص بلغم کے معائنے کے بعد کی جاتی ہے جبکہ اس کیلئے ایکسرے بھی تجویز کیا جاتا ہے۔ ٹی بی کا مکمل علاج موجود ہے، جس کا دورانیہ کم از کم چھ ماہ ہے۔ٹی بی سے بچاؤ کا واحد ذریعہ متاثرہ مریضوں کا مکمل علاج ہی ہے، اس کے علاوہ بچوں کو پیدائش کے فوراً بعد بی سی جی کا انجیکشن ضرور لگوائیں، ٹی بی کے مریض کے قریبی رشتے دار یا تیماردار اور عیادت کرنے والے افراد کو ضروری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

مریض کو ہدایات دیں کہ وہ کھانستے یا چھینکتے وقت منہ کے آگے کپڑا رکھے، مریض کے تھوک کے لئے ڈھکن والا تھوک دان رکھیں، تاکہ جراثیم کو فضا میں جانے کا موقع نہ ملے۔ٹی بی (تپ دق) سے بچاؤ کے لیے دیگر احتیاطی تدابیر اپنائی جاسکتی ہیں۔ ان میں سے چند اہم تدابیر یہ ہیں۔ایسی جگہوں پر رہیں جو صاف ستھری اور ہوادار ہوں اور ایسی جگہوں سے بچیں جہاں پر زیادہ بھیڑ ہو اور ٹی بی کے جراثیم پھیلنے کا خدشہ ہو، متوازن غذا کھائیں تاکہ مدافعتی نظام مضبوط رہے۔اگر ٹی بی کی علامات ظاہر ہوں جیسے کہ مستقل کھانسی، بخار، وزن میں کمی، اور رات کو پسینہ آنا، تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔اس کے علاوہ کھانستے یا چھینکتے وقت ماسک پہنیں یا منہ اور ناک کو ڈھانپیں، کھانسنے یا چھینکنے کے بعد ہاتھوں کو اچھی طرح دھوئیں۔اگر آپ کو ٹی بی ہو جائے تو دوسروں کو بچانے کے لئے آئسولیشن میں رہیں۔ اپنے قریبی افراد کا بھی معائنہ کرائیں تاکہ وہ محفوظ رہ سکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button