کھانے سے پہلے کونسا کام کیا جائے جو موٹاپے کو روک سکے؟ تحقیق سامنے آگئی
ہر بار کھانے سے قبل 2 گلاس پانی پینے سے جسمانی وزن میں کمی لانے کا عمل تیز ہو جاتا ہے اور دیگر کے مقابلے میں 100 فیصد زیادہ کم ہوا : تحقیق میں انکشاف
برطانیہ (مانیٹرنگ ڈیسک) کھانے سے پہلے کونسا کام کیا جائے جو موٹاپے کو روک سکے؟ اس حوالے سے جرنل جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع تحقیق نے سب کو چونکا کر رکھ دیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق جرنل جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ پانی پینے سے متعدد حیران کن طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں، اس کے لیے بس آپ کو پانی پینے کی عادات میں تبدیلی لانا چاہیے۔ تحقیق میں 18 کلینیکل ٹرائلز کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا اور دریافت ہوا کہ روزانہ تھوڑا زیادہ پانی پینے سے صحت کو کئی فوائد ہوتے ہیں۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ ہر بار کھانے سے قبل 2 گلاس پانی پینے سے جسمانی وزن میں کمی لانے کا عمل تیز ہو جاتا ہے۔ ایک کلینیکل ٹرائل میں دریافت ہوا کہ کھانے سے قبل پانی پینے والے افراد کا جسمانی وزن دیگر کے مقابلے میں 100 فیصد زیادہ کم ہوا۔ اسی طرح ذیابیطس کے مریض اگر کھانے سے قبل پانی پیتے ہیں تو فاسٹنگ بلڈ گلوکوز لیول میں نمایاں کمی آتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پانی پینے کے باعث لوگ کھانے سے قبل ہی پیٹ کو کچھ بھرا ہوا محسوس کرنے لگتے ہیں، جس سے کم کیلوریز کے استعمال میں مدد ملتی ہے۔ محققین نے بتایا کہ ہم جانتے ہیں کہ ڈی ہائیڈریشن سے گردوں کی پتھری یا پیشاب کی نالی کی سوزش کا خطرہ بڑھتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ زیادہ پانی پینے سے پیشاب کی نالی میں سورزش کا خطرہ بھی گھٹ جاتا ہے یا اس کی شدت میں کمی آتی ہے۔