کیا چائے آپ کے ہاضمے کو متاثر کرتی ہے؟ جانیے اہم حقائق
دنیا بھر میں چائے کو ایک مقبول ترین مشروب سمجھا جاتا ہے، لیکن یہ نظام ہاضمہ پر منفی اثرات بھی ڈال سکتی ہے۔
لاہور( کھوج نیوز)دنیا بھر میں چائے کو ایک مقبول ترین مشروب سمجھا جاتا ہے، لیکن یہ نظام ہاضمہ پر منفی اثرات بھی ڈال سکتی ہے۔ خاص طور پر جب چائے میں دودھ استعمال کیا جائے تو یہ پیٹ کی صحت کو متاثر کر سکتا ہے۔دودھ کے بارے میں عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ ہڈیوں کو مضبوط کرتا ہے، لیکن جب دودھ چائے کے ساتھ ملتا ہے، تو یہ معدے کی صحت پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔
لیکٹوز کی عدم برداشت
دنیا کے کئی حصوں میں ایسے افراد کی تعداد زیادہ ہے جنہیں دودھ میں موجود لیکٹوز ہضم کرنے میں مشکل پیش آتی ہے۔ یہ مسئلہ پیٹ میں درد، گیس اور آنتوں میں سوزش کا باعث بن سکتا ہے۔ لیکٹوز جسم میں موجود اچھے بیکٹیریا کے توازن کو بھی متاثر کرتا ہے، جس سے نظام ہاضمہ کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
چائے میں مصالحہ جات کا استعمال
چائے میں چینی کے علاوہ کئی لوگ ذائقے کو بڑھانے کے لیے ادرک، الائچی، زعفران، دارچینی وغیرہ کا استعمال کرتے ہیں۔ تاہم، ان مصالحہ جات کا زیادہ استعمال آنتوں کی صحت کو متاثر کر سکتا ہے اور یہ صحت کے لیے نقصان دہ بیکٹیریا کی افزائش کا سبب بن سکتا ہے، جس کے نتیجے میں پیٹ میں درد اور دیگر مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
نہار منہ چائے پینا
دنیا کے بیشتر علاقوں میں لوگ اپنے دن کا آغاز چائے سے کرتے ہیں، لیکن یہ عادت طویل مدت تک پیٹ کے مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔ خاص طور پر جب چائے خالی پیٹ پی جائے، تو یہ معدے میں تیزابیت بڑھا دیتی ہے، جس سے سینے میں جلن، کھانے کے ہضم ہونے میں مشکلات اور پیٹ میں گیس کی شکایت ہو سکتی ہے۔
لہٰذا، اگر آپ چائے کے عادی ہیں تو ان مسائل سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے، جیسے کہ چائے میں دودھ کا کم استعمال یا مصالحہ جات کی مقدار کو محدود کرنا۔