کینسر جیسے موذی مرض سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟ حیران کر دینے والی تحقیق سامنے آگئی
دن بھر میں چند منٹ کے لیے بھاگنا (جیسے بس پکڑنے کے لیے) سے کم از کم 13 اقسام کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے: جرنل جاما آنکالوجی کی رپورٹ
جرمنی (مانیٹرنگ ڈیسک) کینسر جیسے موذی مرض سے کیسے بچا جا سکتا ہے ؟ اس حوا لے سے سائنسدان حیران کر دینے والی تحقیق منظر عام پر لے آئے ہیں۔ انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق جولائی 2023ء میں جرنل JAMA Oncology میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ دن بھر میں چند منٹ کے لیے بھاگنا (جیسے بس پکڑنے کے لیے) سے کم از کم 13 اقسام کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق اس تحقیق میں 22 ہزار ایسے افراد کو شامل کیا گیا تھا جو ورزش کرنے کے عادی نہیں تھے اور ان کی روزانہ کی جسمانی سرگرمیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ جو افراد دن بھر میں کم از کم 3 منٹ تک بہت تیزی سے حرکت کرتے ہیں، جیسے تیزی سے سیڑھیاں چڑھتے یا کسی جگہ بھاگتے ہیں، ان میں کینسر کی متعدد اقسام سے متاثر ہونے یا موت کا خطرہ 30 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔ طبی ماہرین نے نئی تحقیق کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک متاثر کن تجزیہ ہے اور اس میں ماضی کے ڈیٹا کو استعمال کرکے بتایا گیا کہ سانس تیز کر دینے والی ورزشیں کینسر جیسے مرض سے بچانے میں مددگار ہوتی ہیں مگر اس تحقیق میں یہ بھی کہا گیا کہ کینسر سے بچنے کے لیے صرف ورزش کرنے کی ضرورت نہیں، بلکہ روزمرہ کی سرگرمیوں میں جسم کو تیزی سے حرکت دینے سے بھی ایسا ممکن ہے۔ اس تحقیق سے قبل بھی سائنس نے جسمانی سرگرمیوں اور کینسر کے خطرے میں کمی کے درمیان ٹھوس تعلق کو ثابت کیا تھا۔
سڈنی یونیورسٹی کے فزیکل ایکٹیویٹی، لائف اسٹائل اینڈ پاپولیشن ہیلتھ شعبے کے پروفیسر Emmanuel Stamatakis اور ان کے ساتھیوں کا خیال تھا کہ ورزش کرنے کی کوشش کیے بغیر اگر ہم محض اپنی روزمرہ کی زندگی میں تیز چلنا شروع کر دیں تو صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ اس ٹیم نے 2022 میں جرنل نیچر میڈیسن میں شائع ایک تحقیق میں اس خیال کی جانچ پڑتال کی اور معلوم ہوا کہ ایسا ممکن ہے۔ اس تحقیق میں 20 ہزار سے زائد افراد کے accelerometer ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تھا۔2016ء میں جرنل JAMA Internal Medicine میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ اگر مرد اور خواتین ورزش کو معمول بنا لیں تو مثانے اور معدے سمیت کینسر کی 13 عام اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ 2022ء کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر لوگ ورزش کرنا شروع کر دیں تو امریکا میں کینسر کے 3 فیصد کیسز کی روک تھام ممکن ہے مگر زیادہ تر تحقیقی کام ایسے افراد کے حوالے سے ہوا تھا جو روزانہ 30 منٹ یا اس سے زائد وقت تک ورزش کرنے کے عادی تھے۔ موجودہ عہد میں زیادہ تر افراد اتنے وقت تک ورزش کرنے کے عادی نہیں ہوتے۔ یہی وجہ ہے کہ سائنسدانوں نے یہ جائزہ لیا کہ کیا کم جسمانی سرگرمیوں سے بھی کینسر کا خطرہ کم ہوتا ہے یا نہیں، اگر خطرہ کم ہوتا ہے تو کینسر کی کن اقسام سے تحفظ ملتا ہے۔
تحقیق میں دریافت ہوا کہ دن بھر میں زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے والے افراد اگر روزانہ کم از کم 4 منٹ تک زیادہ تیزی سے چلنا شروع کر دیں تو کینسر یا کسی اور مرض سے موت کا خطرہ 30 فیصد تک کم ہو جاتا ہے مگر اس تحقیق میں صرف کینسر سے موت پر توجہ مرکوز کی گئی تھی اور یہ نہیں دیکھا گیا تھا کہ اس سے کیسنر سے بچنے میں مدد ملتی ہے یا نہیں تو اس تحقیقی ٹیم کی نئی تحقیق میں اس پہلو پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔