صحت

مٹی سے بننے والے مفید اور حیرت انگیز نتائج

موسم میں تبدیلی،فضائی آلودگی اورمضرصحت غذاؤں کےمنفی اثرات سب سےپہلےچہرے پرآتے ہیں

موسم میں تبدیلی، فضائی آلودگی اور مضر صحت غذاؤں کے منفی اثرات سب سے پہلے چہرے پرآتے ہیں جس کے نتیجے میں چہرے پر دانے، ایکنی، کیل مہاسے اور اُن کے سبب بد نما داغ دھبے بننے لگتے ہیں جن سے نہایت آسانی اور بغیر بھاری بھرکم رقم خرچ کیے جان چھڑائی جا سکتی ہے ۔ ملتانی مٹی  کا قدیم زمانے سے استعمال چلا آرہا ہے، خواتین چہرے کی خوبصوتی بڑھانے کے لیے اس کا استعال اپنے چہرے سمیت بالوں پر بھی کرتی ہیں جس کے بہترین نتائج حاصل ہوتے ہیں۔

ملتانی مٹی تقریباً ہر قسم کی جِلد اور جِلد سے جڑی متعدد بیماریوں کا موزوں علاج ہے، اگر اسے دوسرے اجزا کے ساتھ ملا کر لگایا جائے تو اس کی افادیت بڑھ جاتی ہے اور چہرے کی خوبصورتی میں ناصرف اضافہ ہوتا ہے بلکہ اس کے استعمال سے دیر پا جِلدی بیماریوں سے بھی دور رہا جا سکتا ہے، یہ ناصرف جِلد بلکہ سر کے بالوں کی صفائی اور سر کی جِلد کی صحت کے لیے بھی نہایت مفید ہے۔

ملتانی مٹی کےفوائد بڑھانے کے لیے اس میں ایلوویرا جیل ( گھیکوار) ، روغن بادام، عرق گلاب، شہد، انڈے کی سفیدی، دودھ، لیموں کا عرق، کینو کے چھلکوں کا پاؤڈر اور بیسن وغیرہ شامل کیا جا سکتا ہے، ملتانی مٹی میں ان اجزا کے استعمال سے بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں جبکہ بالوں کی خوبصورتی اور سر کی جلد سے چکناہٹ کے خاتمے کے لیے ملتانی مٹی میں عرق گلاب اور لیموں کا رس ملا کر استعمال کیا جا سکتا ہے اور بعد ازاں جیسے سر سے مہندی دھوئی جاتی ہے ایسے ہی ملتانی مٹی بھی با آسانی دُھل جاتی ہے۔

ملتانی مٹی کی افادیت اب سائنس نے بھی مان لی ہے اسی لیے مختلف کاسمیٹک برانڈ کی بھی اب ملتانی مٹی سے تیار شدہ براڈکٹس یا مَڈ ماسک کے نام سے مختلف ماسک مارکیٹ میں باآسانی دستیاب ہیں ۔ ملتانی مٹی سے بنایا گیا ماسک چہرے پر لگانے سے قبل چہرے کی جِلد کا صاف اور دھلا ہوا ہونا لازمی ہے، اسی لیے اگر ممکن ہو تو ملتانی مٹی کا ماسک لگانے سے قبل چہرے پر 5 سے 7 منٹ کے لیے کسی مائلڈ کلینزنگ سے مساج کرنا مفید ثابت ہوتا ہے، ملتانی مٹی کا ماسک دھونے کے بعد چہرے کی جلد یا بالوں کو موسچرائز بھی کرنا چاہیے تاکہ اس کی افادیت مزید گنا بڑھ جائے۔

ملتانی مٹی سے بننے والے مفید اور حیرت انگیز نتائج دینے والے  ماسک :

خشک جلد کے لیے

خشک جلد کےلیےملتانی مٹی،کچا دودھ، چند قطرے زیتون کا تیل، صندل کی لکڑی کا پاؤڈراورکینوکےخشک چھلکوں کا پاؤڈرحسب ضرورت لےلیں،اب ان سب اجزا کوکانچ کےبرتن میں عرق گلاب کی مدد سےمکس کرلیں اور 20 سے 25 منٹ کےلیے چہرے پرلگا لیں۔

نارمل جلد

کھیرے کا رس یا گاجرکا جوس لےلیں،ملتانی مٹی،صندل لکڑی کا برادہ،کینوکےخشک چھلکوں کا سفوف،ان سب اجزا کومکس کرلیں اورچہرے پرلگا لیں ۔

چکنی جلد

چکنی جِلد سےاضافی چکناہٹ اورکیل مہاسوں کے خاتمے کے لیے ایلوویرا یا لیموں کا عرق ( عرق گلاب بھی لیا جا سکتا ہے )، ملتانی مٹی، انڈے کی سفیدی، صندل لکڑی کا برادہ، کینو کے خشک چھلکوں کا سفوف لے لیں، ان سب اجزا کو یک جان ملائیں اور چہرے پر لگا لیں اور 20 سے 25 منٹ کے لیے سکون سے لیٹ جائیں، جلد کو پر سکون وقت دیں، سوکھنے پر چہرہ دھو لیں۔

کیل مہاسے والی جلد

لیموں کا عرق، کچا دودھ، عرق گلاب، ملتانی مٹی، صندل لکڑی کا پاؤڈر،کینوکےخشک چھلکوں کا سفوف یک جان ملائیں اورچہرے پر لیپ کر لیں، اس عمل کوروزانہ دہرایا جا سکتا ہےاوراس ماسک میں بیسن کا اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

جھریوں والی جلد

جھریوں والی جِلد کوٹائٹ کرنےکےلیےانڈے کی سفیدی، پھٹکری کا پاؤڈر،روغن بادام ،عرق گلاب،ملتانی مٹی، صندل کی لکڑی کا پاؤڈراور کینوکےچھلکوں کا سفوف یک جان ملائیں اورچہرے پرلگا لیں۔ سوکھنے پراس ماسک کوپانی کی مدد سےگیلا کریں اورچہرے پرہلکے ہاتھ سےمساج کرتےہوئےاتارلیں۔ ملتانی  مٹی کا ماسک چہرے کےلیےبہترین اسکرب بھی ثابت ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.