انٹرنیشنل

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوجی اہلکارکی خود کشی

راشٹریہ رائفلزکے تیسرے بٹالین کے سپاہی نے ڈیوٹی کے دوران زہریلی چیزکھا کرخودکشی کرلی

مقبوضہ کشمیرمیں راشٹریہ رائفلز کے تیسرے بٹالین کے سپاہی نے ڈیوٹی کے دوران زہریلی چیزکھا کرخودکشی کرلی۔ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق بھارتی فوجی اہلکارنے بھارتی مقبوضہ کشمیرکے ضلع اسلام آباد میں دوران ڈیوٹی مبینہ طورپر زہرکھا کر خودکشی کی۔ کشمیرمیڈیا سروس رپورٹ کے مطابق خودکشی کرنے والے سپاہی کی شناخت ’بلرام سنگھ ‘کے نام سے ہوئی ہے جوراشٹریہ رائفلزکے تیسرے بٹالین کا سپاہی تھا جو ضلع اسلام آباد کے علاقے اشمقام میں تعینات تھا۔

اس واقعے کے بعد جنوری 2007 سے اب تک مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے خودکشی کرنے والوں کی تعداد 446 ہوگئی ہے۔ علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر کے شہرجموں کے علاقے ’طلاب ٹیِل ‘ میں تین منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی، فائربریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے اوراندرپھنسے ہوئے لوگوں کو ریسکیوکرنے میں مصروف تھا کہ عمارت کی پہلی منزل بیٹھ گئی جس کے نتیجے میں 3 فائرفائٹرزجاں بحق ہوگئے جبکہ 4 شہریوں اور 2 فائرمینز سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔ عمارت اس وقت بیٹھی جب فائربریگیڈ کا عملہ عمارت میں لگی آگ بجھانے میں مصروف تھا۔

Tags
Back to top button
Close