انٹرنیشنل

پی آئی اے طیارہ حادثہ، عالمی رہنماؤں کا اظہار افسوس

پاکستان میں طیارہ حادثے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں: مودی

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے)کا طیارہ جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی کے قریب رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ تباہ ہونے کے بعد عالمی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ میں شریک ہیں، غم کے اس موقع پر افغان قوم پاکستان کے ساتھ ہے۔ اسلام آباد میں امریکی چارج ڈی افیئرز کا کہنا تھا کہ امریکی سفارتخانہ کی جانب سے میں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ دوسری طرف بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے بھی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں طیارہ حادثے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہوا، لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ آج صبح پاکستان سے ملنے والی خبر چونکا دینے والی ہے، پی کے 8303 میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں سے ہمدردی ہے، اس خوفناک حادثے کے تمام متاثرین کے دکھ میں شریک ہیں، کینیڈین عوام آج آپ کو اپنی دعاں میں یاد رکھیں گے۔

دوسری طرف اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے بھی طیارے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طیارے کو پیش آنے والے حادثے کا سن کر دلی صدمہ پہنچا۔ سیکرٹری جنرل او آئی سی کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کے دکھ میں شریک ہیں، مرحومین کے لیے رحمت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا مانگتے ہیں۔ مزید برآں کینیڈا، سوئٹزرلینڈ، ہالینڈ اور سری لنکا کے وزرائے خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

Tags
Back to top button
Close