انٹرنیشنل

کورونا نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا، 24 گھنٹوں کے دوران مریضوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ

24 گھنٹوں کے دوران دنیا بھر میں کورونا کے 3 لاکھ7 ہزار 930 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ سب سے زیادہ ہیں

کورونا نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا، 24 گھنٹوں کے دوران مریضوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ ‘ ایک دن میں دنیا بھر میں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آنے کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دنیا بھر میں کورونا کے 3 لاکھ7 ہزار 930 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ وباء کے آغاز سے اب تک ایک دن میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ دوسری بار ہوا ہے کہ ایک ہی دن میں عالمی سطح پر کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ کی حد عبور کرگئی ہے، اس سے قبل 6 ستمبر کو 3 لاکھ 6 ہزار 857 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز 94 ہزار 372رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ امریکا میں 45 ہزار 523 اور برازیل میں 43 ہزار 718 کیسز سامنے آئے ہیں۔

دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ ہونے والے افراد کی تعداد 2 کروڑ 92 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے جب کہ 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے باعث 5 ہزار 537 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 9 لاکھ 28ہزار 830 ہوچکی ہے۔ خیال رہے کہ دنیا میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ہونے والے ممالک میں امریکا کا پہلا بھارت کا دوسرا اور برازیل کا تیسرا نمبر ہے۔

Back to top button