انٹرنیشنل

کورونا وائرس، امریکا میں گذشتہ ہفتے کتنے بچے وائرس کا شکار ہوئے؟ تشویشناک رپورٹ سامنے آگئی

22 اکتوبر سے لیکر 29 اکتوبر تک 61 ہزار 447 بچے کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں جو کہ اب تک کے سب سے زیادہ کیسز ہیں

امریکا میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد سے اب تک گزشتہ ہفتے میں کتنے بچے اس مہلک وائرس کا شکار ہوئے ہیں اس حوالے سے تشویشناک رپورٹ سامنے آئی ہے۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق امریکن اکیڈمی آف پیڈیٹرکس اور چلڈرنز اسپتال ایسوسی ایشن نے تازہ رپورٹ جاری کی ہے کہ امریکا میں اب تک 8 لاکھ 50 ہزار بچے کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے یعنی 22 اکتوبر سے لے کر 29 اکتوبر تک 61 ہزار 447 بچے کورونا وارس میں مبتلا ہوئے ہیں جو کہ اب تک کے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

امریکا میں ماہ اکتوبر میں 2 لاکھ بچے کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں جو امریکا میں کورونا وائرس کے کل کیسز کا 11.1 حصہ بنتے ہیں۔ امریکن اکیڈمی آف پیڈیٹرکس اور چلڈرنز اسپتال ایسوسی ایشن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پہلے امریکا کی مجموعی آبادی میں ایک لاکھ بچوں میں سے ایک ہزار 134 بچے کورونا وائرس کا شکار ہو رہے تھے لیکن اب اس شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کے اسپتال میں زیر علاج مریض میں سے بچوں کی تعداد ایک سے 3.5 فیصد ہے جب کہ کووڈ-19کی وجہ سے ہونے والی اموات میں سے بچوں کی شرح 0.2 فیصد ہے۔

Back to top button