انٹرنیشنل

کیا پانچ ہزار سال پہلے بھی بیئر پیا کرتے تھے؟ جدید دنیا کے نشیؤں کے چودہ طبق روشن کر دینے والی خبر سامنے آگئی

بیئر فیکٹری بظاہر قدیم مصر کے بادشاہ نارمر کے دور کی ہے، جو تین ہزار ایک سو پچاس برس کے دوران قدیم مصر کو متحد کرنے کے باعث معروف ہے

کیا پانچ ہزار سال پہلے بھی بیئر پیا کرتے تھے؟ جدید دنیا کے نشیؤں کے چودہ طبق روشن کر دینے والی خبر سامنے آگئی، فیکٹری یا شراب کی کشیدگاہ کی باقیات ملی ہیں۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق مصری دارالحکومت قاہرہ سے جنوب میں تقریبا ساڑھے چار سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع انتہائی قدیمی قبرستان ابیدوس میں دنیا کی قدیم ترین بیئر فیکٹری یا شراب کی کشیدگاہ کی باقیات ملی ہیں۔ مصری سپریم کونسل برائے نوادرات کے سیکرٹری مصطفی وزیری کے مطابق یہ بیئر فیکٹری بظاہر قدیم مصر کے بادشاہ نارمر کے دور کی ہے، جو تین ہزار ایک سو پچاس برس قبل از مسیح سے لے کر دو ہزار چھ سو تیرہ قبل از مسیح کے دوران قدیم مصر کو متحد کرنے کے باعث معروف ہے۔

انٹرنیشنل میڈیا اطلاعات کے مطابق امریکی اور مصری ماہرین آثار قدیمہ کو کھدائی کی ایک مشترکہ مہم کے دوران اس قدیم کشید گاہ کے آٹھ یونٹ ملے، ہر ایک یونٹ کی لمبائی بیس میٹر جبکہ چوڑائی ڈھائی میٹر بتائی گئی ہے۔ ان یونٹوں میں مٹی کے چالیس چالیس برتن دو قطاروں میں موجود ہیں۔ یہ برتن بیئر تیار کرنے کے لیے جو کے دانوں اور پانی کا آمیزہ بنانے کے لیے استعمال کیے جاتے تھے۔ ماہرین کے اندازوں کے مطابق اس بیئر فیکٹری میں بائیس ہزار چار سو لٹر تک شراب تیار کی جا سکتی تھی۔

نیو یارک یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف فائن آرٹس سے منسلک ڈاکٹر میتھیو ایڈمز اور پرنسٹن یونیورسٹی میں قدیم مصری فنون کی تاریخ اور آثار قدیمہ کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈیبرا وشاک اس منصوبے کی مشترکہ سربراہی کر رہے ہیں۔ ایڈمز نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ اس علاقے میں بیئر کی یہ قدیم فیکٹری غالبا شاہی رسومات ادا کرنے کے لیے تعمیر کی گئی تھی۔ آثار قدیمہ کے ماہرین کو ایسے شواہد بھی ملے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ قدیم مصری بادشاہوں کی تدفین کے وقت آخری رسومات کے دوران بیئر کا استعمال بھی کیا جاتا تھا۔ مصری وزارت نوادرات کے مطابق آثار قدیمہ کے برطانوی ماہرین نے 1900 کی دہائی کے اوائل میں اس فیکٹری کے اس علاقے میں کہیں ہونے کا ذکر تو کیا تھا، تاہم وہ اس کے درست مقام کا تعین نہیں کر سکے تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button