انٹرنیشنل

سابق امریکی صدر نےبٹ کوائن کےخطرات سےخبردارکردیا

ڈونلڈ ٹرمپ نےبِٹ کوائن کوڈالرکےخلاف دھوکہ قراردیتےہوئےکہا ہےکہ بٹ کوائن ’فراڈ‘ ہے

سابق امریکی صدر نےبٹ کوائن کےخطرات سےخبردارکردیا، سابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نےبِٹ کوائن کوڈالرکےخلاف دھوکہ قراردیتےہوئےکہا ہےکہ بٹ کوائن ایسا ’فراڈ‘ ہےجوامریکی ڈالرکی قدرکومتاثرکررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نےفاکس بزنس سےگفتگو میں کیا انہوں نےمزید کہا کہ وہ ڈالرکودنیا کی کرنسی کےطورپر دیکھنا چاہتے ہیں۔ اورمجھےپسند نہیں ہےکہ کوئی دوسری کرنسی امریکی ڈالرکا مقابلہ کرے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ایلسلواڈورکی جانب سےکرپٹو کرنسی کی لین دین کوقانونی قراردینےکی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ یاد رہےکہ بٹ کوائن کی قدرمیں رواں سال مئی سےتیزی سےکمی ہورہی ہےاوراب تک یہ مستحکم نہیں ہوسکی ہے۔

بٹ کوائن کی قیمت میں کمی کےبہت سارے عوامل ہیں جیسےکہ چین میں کرپٹوکرنسی کی مائننگ کےخلاف ہونے والا کریک ڈاؤن، جس میں چین نے بینکس اور رقوم کا لین دین کرنے والی کمپنیوں پرکرپٹوکرنسی کی ٹرانزیکشنز سے متعلق خدمات دینے پر پابندی عائد کردی تھی۔ اسی طرح برقی کار بنانے والی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک  کی جانب سے ٹیسلا کی خریداری کے لیے بٹ کوائن وصول نہ کرنے کے اعلان نے نہ صرف ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں کمی کی بلکہ بٹ کوائن اور دیگر کرپٹو کرنسیوں کی قیمتوں میں بھی کمی ہونا شروع ہوگئی تھی۔

کیا بٹ کوائن واقعی دیگر کرنسیوں کے لیے خطرہ ہے اس بابت ماہرین کیا کہتے ہیں؟

مالیاتی خدمات فراہم کرنے والی برطانوی کمپنی سیون انویسٹمنٹ مینیجمنٹ کے شریک بانی جسٹن ارکیوہرٹ اسٹیورٹ کا کہنا ہے کہ’ بٹ کوائن تمام بڑی کرنسیوں کے لیے خطرہ ہے‘ ان کے خیال میں بٹ کوائن فزیکل کرنسیوں کو غیر مستحکم کرنے کے لیے ممکنہ خطرہ ہے، کیوں کہ یہ کسی مستحکم مالیاتی قوت کے بنا بہت مقبول ہوچکی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بٹ کوائن کی قدر کو آسمان پر پہنچانے میں ایلون مسک پرجیسے لوگوں کا ہاتھ ہے جن کے احمقانہ طرز عمل نے عام لوگوں کے ذہن میں کرپٹوکرنسی کی ایک قابل بھروسہ کرنسی کا تصور بنا دیا ہے۔ بٹ کوائن بہت خطرناک ہے کیوں کہ اس کی ساکھ کو غیر معتبر طریقے سے بڑھا یا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کی تھوڑی بہت سمجھ رکھنے والے نوجوانوں میں کرپٹو کرنسی کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے اور وہ اس غیر متغیر کرنسی میں بہت زیادہ خطرات مول لے رہے ہیں، کیوں کہ انہوں نے فنانس کی باقاعدہ تعلیم حاصل نہیں کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس بات کو اب نصاب کا حصہ بنانا چاہیئے کہ خاندانی پیسے کو کیسے اگلی نسلوں تک منتقل کیا جائے۔

جسٹن ارکیو ہرٹ کا کہنا ہے کہ اب ہمارے پاس’ سٹے بازوں ‘ کی جوان نسل ہے جن کے پاس مالیاتی منصوبہ بندی اور ڈیولپمنٹ کی کوئی معلومات نہیں ہے ’ یہ نوجوان چیزوں کی خرید و فروخت تو سمجھتے ہیں، لیکن انہیں اس بات کا کوئی آئیڈیا نہیں ہے کہ طویل المدتی دولت کیسے بنائی جاتی ہے۔

بٹ کوائن کرنسی نہیں ہے!

فاریکس، کموڈیٹیزاور حصص کی ٹریڈنگ کرنے والی گلوبل کمپنی مارکیٹ ڈاٹ کام کے چیف مارکیٹ اینالسٹ نیل ولسن سمجھتے ہیں کہ بٹ کوائن یقیناً ایک کرنسی نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرنسی کی تعریف پر پورا اترنے کے لیے درج ذیل افعال کا ہونا ضروری ہے۔

  • اکاؤنٹ کا یونٹ ہونا
  • بہترین اسٹور ویلیو فراہم کرتی ہو
  • ادائیگیوں کے لیے استعمال ہوتی ہو

اور اسی بنا پر میں بٹ کوائن کو کرنسی کے بجائے حصص اور بانڈ جیسی سیکورٹی کا ہی نام دوں گا۔ نیل ولسن کا کہنا ہے کہ اگرچہ بٹ کوائن کو بڑے پیمانے پر قبول کیا جاتا ہے تاہم ایک کرنسی کے لحاظ سے یہ ابھی بہت غیر مستحکم ہے، اور اس کی قدر ایک حصص کی طرح گھومتی رہتی ہے۔

دوسری سب سے اہم وجہ یہ ہےکہ زیادہ تر لوگ اسے خرید کر فوراً خرچ کرنے کے بجائے سرمائے کی شکل میں محفوظ کر رہے ہیں۔ تاہم میں ڈونلڈ ٹرمپ کی اس بات سے متفق نہیں ہوں کہ کرپٹو کرنسی سے امریکی ڈالر کو خطرات لاحق ہیں، تاہم اس سے سونے کو معمولی خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے بتیا کہ حکومتیں اس بات کو پسند نہیں کرتیں کہ عوام پیسا تخلیق کریں، بہ ظاہر تو وہ کچھ وقت کےلیے کرپٹو کرنسی کو برداشت کر رہے ہیں، لیکن جلد یا بہ دیر اپنی ڈیجیٹل کرنسی بنا کر اس میں سے بٹ کوائن کو نکال باہر کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.