انٹرنیشنل

عمران خان سے کوئی تعلق نہیں: جمائما کا اعلان

واضح کیا گیا کہ ان کا پاکستان کی سیاست، سابق شوہر عمران خان یا ان کی پارٹی تحریکِ انصاف سے کوئی تعلق نہیں ہے

پاکستانی سیاست کی گرما گرمی نے لندن میں مقیم پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ جمائمہ کے مطابق ان کے گھر کے باہر مظاہرے کیے جا رہے ہیں، جس سے انہیں  ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے وہ 90 کی دہائی کا لاہور ہے۔ جمائما نے جب ٹوئٹر پر اپنے گھر کے باہر احتجاج کی اطلاع دی تو ان کے نام کا ہیش ٹیگ پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ بن گیا،  جب کہ متعدد پاکستانیوں نے اس اقدام کی مذمت کی۔

ٹوئٹس پر جمائما بھی بے دھڑک اپنے جوابات دے رہی ہیں ، ان کی جانب سے واضح کیا گیا کہ ان کا پاکستان کی سیاست، سابق شوہر عمران خان یا ان کی پارٹی تحریکِ انصاف سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ انہیں متعدد بار عمران خان کو کچھ چیزیں بتانے کا کہا جاتا ہے لیکن یہ واضح ہے کہ وہ میرے سابق شوہر ہیں اور ان سے میرا اب کوئی تعلق نہیں ہے، نا ہی اُن کی جماعت پی ٹی آئی پر میرا کوئی اثر ہے۔

ایک صارف نے جمائما کو ان کے ماضی میں کیا گیا ٹوئٹ یاد دلایا جس پر انہوں نے پاکستانی سیاست پر تبصرہ کیا تھا، صارف نے جمائما کے لیے منافق کا لفظ استعمال کیا جس پر وہ ردعمل دیے بنا نہ رہ سکیں۔ انہوں نے صارف سے سوال کیا کہ کیا ماضی میں سیاسی رائے کا اظہار کرنے کا مطلب یہ ہے کہ مجھے نسل پرستانہ بدسلوکی کا نشانہ بنایا جائے اور کیا میرے گھر کا پتہ سوشل میڈیا پر شائع کیا جائے؟

جمائما گولڈ اسمتھ نے مزید کہا کہ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ میرے بچے، جنہوں نے کبھی پاکستانی سیاست پر تبصرہ نہیں کیا انہیں بھی نشانہ بنایا جائے؟ یاد رہے کہ  عمران خان کی جمائما سے شادی 1995 میں ہوئی تھی، ان کے 2 بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں، جو اس وقت لندن میں زیر تعلیم ہیں اور اپنی والدہ جمائما کے ہمراہ رہتے ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.