انٹرنیشنل

بھارتی حکومت کے خلاف ڈٹ جانے والی آفرین فاطمہ کون ہیں؟

بھارت میں حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی کی سابق خاتون ترجمان نوپور شرما کی جانب سے رسول اللہ ﷺ کے بارے میں گستاخانہ بیان کے بعد پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ معاملہ 27 مئی کو شروع ہوا جب بھارتی فیکٹ چیک نیوز ویب سائٹ آلٹ نیوز کے شریک بانی و صحافی محمد زبیر نے نوپور شرما کی جانب سے قومی ٹی وی پر رسول اللہ ﷺ کی شان میں گستاخی کا کلپ ٹوئٹ کیا۔ان کی ٹوئٹ کے بعد دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور عرب ممالک میں احتجاجی مہم چل پڑی۔

اس سب کے باوجود حکومتی سطح پر بی جے پی نے معافی نہیں مانگی بلکہ بھارت میں احتجاج کرنے والے مسلمانوں پر ہی تشدد کا بازار گرم کردیا۔گزشتہ جمعے کو بھارت کے مختلف شہروں میں توہین رسالت ﷺ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے لیکن انتہاپسند ہندوؤں اور پولیس نے بھارتی شہر رانچی میں فائرنگ کرکے 16 سالہ نوجوان سمیت 2 افراد کو قتل کیا اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔

ان تمام واقعات میں سب سے اہم بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر الہٰ باد میں ویلفیئر پارٹی کے رہنما محمد جاوید کی گرفتاری اور ان کا گھر مسمار کرنا ہے اور اسی وجہ سے ان کی بیٹی آفرین فاطمہ کا نام بھی خبروں میں آرہا ہے۔

آفرین فاطمہ کون ہیں؟

آفرین فاطمہ طالب علم رہنما ہیں اور وہ طلبہ سیاست میں انتہائی فعال رہی ہیں۔ آفرین نے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی سے 2021 میں ماسٹرز مکمل کیا ہے۔آفرین فاطمہ بھارتی شہر پریاگ راج (الہٰ آباد) میں پیدا ہوئیں اور وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے گرلز کالج کی اسٹوڈنٹس یونین کی صدر رہی ہیں۔

اس کے علاوہ وہ دہلی کی جواہر لعل نہرو کی طلبہ یونین کی قونصلر بھی ہیں۔ آفرین بھارتی حکومت کے فاشسٹ اقدامات کی سخت ناقد ہیں اور متنازع شہریت کے قانون کے خلاف شاہین باغ میں ہونے والے احتجاج میں بھی پیش پیش رہیں۔

اس کے علاوہ بھارت کی جنوبی ریاستوں میں حجاب کے حوالے سے ہونے والے احتجاج کا بھی حصہ رہی ہیں اور کشیدگی کے دوران طالبات سے اظہار یکجہتی کیلئے وہاں کے دورے بھی کیے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ آفرین فاطمہ یونین صدر کی حیثیت سے 2018 میں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی تصویر یونین ہال سے ہٹانے کے خلاف ڈٹ گئیں تھی اور شدید احتجاج کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button

Adblock Detected

We Noticed You are using Ad blocker :( Please Support us By Disabling Ad blocker for this Domain. We don't show any popups or poor Ads.