جڑواں شہروں میں طوفانی بارش،نالہ لئی میں طغیانی، قریبی آبادیاں خالی کرنے کا حکم
کٹاریاں، گوالمنڈی، کینٹ، چکلالہ،رینج روڈ، شالے ویلی، جان کالونی سمیت دیگر متعدد علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے لوگوں کا قیمتی سامان تباہ ہوگیا
راولپنڈی/اسلام آباد(کھوج نیوز) راولپنڈی اور اسلام آبادمیں طوفانی بارش کے نتیجے میں نالہ نئی میں طغیانی آگئی جس کے باعث حکام نے الرٹ جاری کرتے ہوئے اطراف کی آبادیاں خالی کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں میں گزشتہ رات سے جاری بارش کے نتیجے میں نالہ لئی میں پانی کی سطح 22 فٹ سے تجاوز کر گئی جس کے باعث فلڈ کنٹرول روم نے الرٹ جاری کرتے ہوئے اطراف کی آبادیاں خالی کرنے کا حکم دے دیا جبکہ انتظامیہ نے فوجی دستے، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کو طلب کرلیا،کٹاریاں، گوالمنڈی، کینٹ، چکلالہ،رینج روڈ، شالے ویلی، جان کالونی، چک جلال دین سمیت دیگر متعدد علاقوں میں بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے سے لوگوں کا قیمتی سامان اور کاروبار تباہ ہوگیا۔ انتظامیہ کی جانب سے راولپنڈی میں 5 مختلف تعلیمی اداروں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور گاؤں میں 38 ملی میٹر،گولڑہ میں 82 ملی میٹر،بوکھڑا میں 71 ملی میٹر، پی ایم ڈی میں 88 ملی میٹر، شمس آباد میں 66، کچہری میں 34 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ دوسری جانب ترجمان واسا کے مطابق راولپنڈی کے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی مکمل کرلی گئی، راولپنڈی میں ٹریفک معمول کے مطابق ہے، کسی جگہ پانی جمع نہیں، بارشوں کی مزید پیشگوئی کے سبب انتظامات مکمل کر رکھے ہیں۔