راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 6 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق
پنجاب کے محکمۂ صحت کے مطابق ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 78 تک پہنچ گئی ہے
راولپنڈی(کھوج نیوز) صوبۂ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 6 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ پنجاب کے محکمۂ صحت کے مطابق ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 78 تک پہنچ گئی ہے، ڈینگی سے متاثرہ مریض بے نظیر بھٹو، ہولی فیملی اسپتال اور دیگر اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
پنجاب کے محکمۂ صحت کا کہنا ہے کہ ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، ڈینگی وائرس سے متاثرہ 61 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو روانہ ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 1625 مقدمات کا اندراج جبکہ 485 مقامات کو سیل کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 1612 چالان ٹکٹ جاری جبکہ 73 لاکھ 31 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق رواں برس ڈینگی وائرس کے 78 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔