نگرنگرسے

ساہیوال ٹیچنگ اسپتال میں آتشزدگی’ وزیراعلیٰ کے حکم پر گرفتار ایم ایس اور پرنسپل سمیت ڈاکٹر رہا

آگ بجھانے والے آلات ایکسپائر ہوچکے تھے، بطور ڈیکوریشن سجائے گئے تھے، کسی کو ان کا استعمال نہیں آتا تھا' وزیراعلیٰ پنجاب کو اجلاس میں انکوائری رپورٹ پیش

ساہیوال(نمائندہ کھوج نیوز) ٹیچنگ اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں دم گھنٹے سے بچوں کی ہونے والی ہلاکتوں پر وزیراعلیٰسا مریم نواز کے حکم پر حراست میں لیے گئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) اور پرنسپل سمیت چار ڈاکٹروں کو رہا کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ساہیوال میں ٹیچنگ اسپتال کے سانحے سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ وزیر اعلیٰ کو 11بچوں کی ہلاکت سے متعلق انکوائری رپورٹ پیش کی گئی، رپورٹ کے مطابق آگ بجھانے والے آلات ایکسپائر ہوچکے تھے، بطور ڈیکوریشن سجائے گئے تھے، کسی کو ان کا استعمال نہیں آتا تھا۔ وزیراعلیٰ نے بچوں کو بحفاظت نکالنے والے ریسکیورز کو انعام دینے کا اعلان کیا۔ ان کا کہناتھاکہ وقوعہ کے وقت آگ بجھانے والے آلات کیوں نہیں لائے گئے؟ ہیلتھ سیکٹر کو اربوں دے رہے ہیں، غریب مریضوں سے داخلے کیلئے پیسے کیوں لیے جاتے ہیں، ایکسرے اور دوائیاں اسپتال کے باہر سے آرہی ہیں۔

مریم نواز نے محکمہ صحت کے حکام کی سرزنش کی، سی سی ٹی فوٹیج خود چیک کی اور حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ کے ضمیر ملامت نہیں کرتے کیا؟ خود کو ان بچوں کے والدین کی جگہ رکھ کر دیکھیں، بچوں کی اموات دم گھٹنے سے ہوئیں جبکہ رپورٹ میں سب اچھا لکھا ہے۔ وزیراعلیٰ سوگوار والدین سے ملیں اور سانحے کی تفصیلات دریافت کیں۔ وہ بچوں کے والدین کی باتیں سن کر افسردہ ہو گئیں۔ انہوں نے اسپتال پرنسپل سمیت چار بڑے افسران کو نوکری سے برخاست کرکے گرفتاری کا حکم دیا جنہیں پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔

بعدازاں پولیس نے حراست میں لیے گئے تمام ڈاکٹرز کو چھوڑ دیا۔ ڈی پی او ساہیوال فیصل شہزاد کے مطابق ساہیوال ٹیچنگ اسپتال سے حراست میں لیے گئے تمام ڈاکٹرز کو چھوڑ دیا گیا ہے۔ صدر ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن نے بھی تصدیق کی کہ ٹیچنگ اسپتال سے حراست میں لیئے تمام ڈاکٹر رہا کر دیے گئے ہیں۔ رہا ہونے والوں میں پرنسپل میڈیکل کالج عمران حسن خان، ایم ایس اختر محبوب، اے ایم ایس ڈاکٹر عثمان اور ایڈمن افسر ڈاکٹر عمر فاروق بھی شامل ہیں۔ خیال رہے کہ پرنسپل میڈیکل کالج، ایم ایس ٹیچنگ اسپتال اور دیگر دو ڈاکٹروں کو حراست میں لینے پر اسپتال کے عملے نے کام بند کردیا تھا اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے بھی او پی ڈیز میں کام بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button