طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قاتلوں کےسنسنی خیز انکشافات
طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کیس میں گرفتار ملزمان نے کہا ہے کہ جاوید بٹ کو ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر معصب کے کہنے پر قتل کیا
لاہور(کھوج نیوز) طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کیس میں گرفتار ملزمان نے کہا ہے کہ جاوید بٹ کو ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر معصب کے کہنے پر قتل کیا۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی عمران کشور کا کہنا ہے کہ ملزمان نے بتایا 5 لاکھ نقد اور دو گھروں کے عوض قتل کا سودا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ شوٹر اظہر اور الیاس امیر معصب سے رابطے میں تھے، شوٹرز کی ملاقات عارف نے کروائی۔
ڈی آئی جی عمران کشور کا کہنا ہے کہ پتوکی کا رہائشی عارف گرفتار نہیں ہو سکا، وہ امیر معصب کا سابقہ ملازم ہے، شوٹرز کو سیف سٹی کیمروں کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ عمران کشور نے کہا کہ امیر معصب جاوید بٹ کے قتل سے 6 روز قبل بیرون ملک چلا گیا تھا، دونوں شوٹرز قتل سے پہلے اور بعد میں امیر معصب سے رابطے میں رہے۔
واضح رہے 2 ستمبر کو لاہور کے علاقے کینال روڈ پر ایف سی کالج انڈر پاس کے قریب ایک گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی، فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور خاتون زخمی ہو گئی تھی۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق فائرنگ سے ہلاک ہونے والے کی شناخت جاوید بٹ کے نام سے ہوئی ہے جو طیفی بٹ کا بہنوئی تھا۔