آئی ایم ایف کےپاس جانا حکومت کی ناکامی،سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھڑک اُٹھے
سابق وزیراعظم و سینئر سیاست دان شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈز (آئی ایم ایف) آپ کو زندہ رکھتا ہے، آئی ایم ایف کے پاس جانا اس بات کا اعتراف ہے کہ ہم ناکام ہوچکے ہیں
لاہور(کھوج نیوز)آئی ایم ایف کےپاس جانا حکومت کی ناکامی،سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھڑک اُٹھے۔ سابق وزیراعظم و سینئر سیاست دان شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈز (آئی ایم ایف) آپ کو زندہ رکھتا ہے، آئی ایم ایف کے پاس جانا اس بات کا اعتراف ہے کہ ہم ناکام ہوچکے ہیں۔ لاہور میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہر اکنامک پیرامیٹرز پر آپ زوال پذیر ہیں، لوگ کہتے ہیں کہ بجٹ میں کیا ریلیف آئے گا؟ آپ نے جو کچھ کرنا ہے قرضہ لے کر کرنا ہے، آپ کی انڈسٹری کی گروتھ ہو ہی نہیں سکتی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم آٹا بانٹنا شروع کر دیتے ہیں جس میں 40 فیصد چوری ہوتی ہے، اگر سیاسی معاملات کو درست نہیں کریں گے تو یہ معاملات درست نہیں ہوں گے، کسی خام خیالی میں نہ رہیں، تمام چیزیں آپس میں جڑی ہوئی ہیں، ہم سب چیزوں سے بےنیاز ہو کر دعوے کرتے ہیں، ان دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نالائق ہیں اپنے معاملات خود حل نہیں کر سکتے، آئی ایم ایف ڈیل سے گروتھ رک جاتی ہے مہنگائی بڑھتی ہے، آئی ایم ایف ہمارے لیے آئی سی یو ہے، 24ویں بار آئی سی یو جا رہے ہیں، اس سے مرض ٹھیک نہیں ہوگا۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ ایک ڈالر کی امداد دکھائیں جس سے کوئی چیز بنائی ہو جو ایکسپورٹ کی ہو، بیرونی سے بڑا مسئلہ اندرونی قرض بن گیا ہے۔ اس وقت ہر اکنامک پوائنٹ پر ہم نیچے جا رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ سنا ہے اس بار آئی ایم ایف ٹارگیٹ بیس فنڈز جاری کرے گا۔ جب تک نظام عدل ٹھیک نہیں ہوگا کہیں سے سرمایہ کاری نہیں آئے گی۔