آرمی ایکٹ میں ترامیم؛ پی ٹی آئی نے اپنے سینیٹرزکے خلاف قدم اُٹھا لیا
تحریک انصاف نے آرمی ایکٹ ترامیم کی منظوری میں کردار ادا کرنے والے اپنی پارٹی سینیٹرزکے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا
اسلام آباد ( کھوج نیوز)تحریک انصاف نے آرمی ایکٹ ترامیم کی منظوری میں کردار ادا کرنے والے اپنی پارٹی سینیٹرزکے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا، پارٹی نے شبلی فراز کو جائزہ کمیشن کا سربراہ بنا دیا۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز میں شامل ارکان کی بنیادی رکنیت ختم کر دی۔
اعلامیہ کے مطابق سابق وزیراعلیٰ محمود خان، ضیاء اللّٰہ بنگش، اشتیاق ارمڑ سمیت 20سے زائد ارکان کی رکنیت ختم کر دی گئی۔پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے ارکان کو نوٹس جاری کر دئیے۔ پارٹی ترجمان کے مطابق شبلی فراز کی تحقیقات کی روشنی میں پارٹی پالیسی سے انحراف کے مرتکب ارکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں آرمی ایکٹ کی منظوری کے عمل میں پی ٹی آئی اراکین کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔