آرمی چیف کی متحدہ عرب امارات کےصدرسےبھائی کے انتقال پرتعزیت
سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات میں ان کے بھائی مرحوم شیخ سعید بن زاید آل نہیان کی وفات پر تعزیت کی
دوبئی (ویب نیوز) مسلح افواج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات میں ان کے بھائی مرحوم شیخ سعید بن زاید آل نہیان کی وفات پر تعزیت کی ہے۔
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے پاکستانی مسلح افواج کے سپہ سالار جناب جنرل سید عاصم منیر کا استقبال کیا، جنہوں نے مرحوم شیخ سعید بن زاید آل نہیان کی وفات پر تعزیت کی ہے۔
گزشتہ جمعہ کو وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے ابوظہبی کے قصر المشرف میں متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات میں اظہار تعزیت اور مرحوم شیخ سعید بن زاید آل نہیان کے لیے مغفرت کی دعا کی تھی۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جلد متحدہ عرب امارت کا دورہ کریں گے اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور دیگر قیادت سے تعزیت کریں گے۔ یاد رہے کہ شیخ سعید بن زاید آل نہیان کی وفات کا اعلان جمعرات کی صبح کرتے ہوئے ملک میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا تھا۔