اسلام آباد جلسے کو کیوں ملتوی کیا گیا؟ عمران خان نے ایسی وجہ بتا دی کہ سب حیران رہ گئے
مجھے جیل میں بتایا گیا کہ اسلام آباد جلسے کی وجہ سے ملک انتشار ہوسکتا ہے جس پر جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو
راولپنڈی (کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کا اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ کیوں ملتوی کیا گیا؟ اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ایسی وجہ بتا دی کہ سب حیران رہ گئے۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد جلسہ ختم نبوت کے معاملے پر ملتوی کیا، مجھے معلومات دی گئیں کہ ختم نبوت حساس معاملہ ہے جس پر دینی جماعت اسلام آباد میں احتجاج کر رہی ہے ہمیں انتشار کا خدشہ تھا اسی لیے اسلام آباد میں اپنا جلسہ ملتوی کیا اگر گزشتہ روز جلسہ کرتے تو دوبارہ 9 مئی گلے پڑنے کا خدشہ تھا اور ابھی تک پہلے والی نومئی کی جوڈیشل انکوائری بھی نہیں کروائی گئی۔ عمران خان نے کہا کہ اب اگر آپ نے اجازت دے کر جلسہ روکنے کی کوشش کی تو سب کی ذمہ دار حکومت خود ہوگی، اب عدالت کی کریڈیبلٹی کا سوال ہے عدالت ہمیں اجازت دیتی ہے یا انتظامیہ منسوخ کرتی ہے، پارٹی کو کہہ رہا ہوں 8 ستمبر کو کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہ کرے میں نے اسلام آباد کا جلسہ آخری بار ملتوی کیا ہے، پارٹی کو ہدایت ہے 8 ستمبر سے قبل میٹنگ کریں اور فیصلہ کریں کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عمل درآمد نہ ہونے پر احتجاج کب کریں گے؟ پارٹی قیادت کو کہتا ہوں اس دفعہ اگر کسی نے روکا تو آپ کو رکنا نہیں ے۔