پاکستان

اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں تمام تر بنیادی حقوق حاصل ہیں،صدرمملکت آصف علی زرداری کا اہم پیغام

صدرِمملکت آصف علی زرداری نےکہا ہےکہ ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کےحقوق کےتحفظ کو مکمل طورپرتسلیم کرتا ہے۔

اسلام آباد(کھوج نیوز)اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں تمام تر بنیادی حقوق حاصل ہیں،صدرمملکت آصف علی زرداری کا اہم پیغام سامنے آگیا۔رپورٹ کے مطابق صدرِمملکت آصف علی زرداری نےکہا ہےکہ ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کےحقوق کےتحفظ کو مکمل طورپرتسلیم کرتا ہے۔ 11 اگست کواقلیتوں کےدن پرجاری کیےگئے پیغام میں آصف علی زرداری نےکہا ہےکہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اقلیتوں کےکردار کےاعتراف میں یہ دن مناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق و مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے قائد اعظم کے 11 اگست 1947ء کے وعدے پر قائم رہیں گے، اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں۔ آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کیا ہے، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ان کے لیے نشستیں مختص ہیں۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ اقلیتی طلباء کو وظائف، عبادت گاہوں کی مرمت اور دیکھ بھال کی فنڈنگ کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، پاکستان اقلیتوں کے مذہبی، سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ ہر پاکستانی کو مذہب، ذات، رنگ یا نسل کی تفریق کے بغیر زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، ہر پاکستانی کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔

آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں آگے بڑھنے کے لیے مساوی مواقع دے گا، یقین ہے کہ پاکستان کی اقلیتیں ملک کی ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button