الیکشن ایکٹ ترمیمی بل، پارلیمان کو عدلیہ کے مد مقابل لانے کی کوشش’ اسد قیصر کا بڑا دعویٰ
الیکشن ایکٹ ترمیمی بل عدلیہ کی آزادی پر شب خون مارنے اور چیف جسٹس کے عہدہ ملازمت میں توسیع کی کوشش عہدے کی تذلیل کے مترادف ہے: اسد قیصر
اسلام آباد (کھوج نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسد قیصر نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کو عدلیہ کی آزادی پر شب خون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمان کو عدلیہ کے مد مقابل لانے سے اجتناب کیا جائے، چیف جسٹس کے عہدہ ملازمت میں توسیع کی کوشش عہدے کی تذلیل کے مترادف ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل عدلیہ کی آزادی پر شب خون ہے اسے مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پارلیمان کو عدلیہ کے مدمقابل لانے سے اجتناب کرے، سپریم کورٹ فیصلے پر عملدرآمد روکنے کیلئے الیکشن ایکٹ بل میں سادہ اکثریت سے ترمیم آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین اداروں کے درمیان تقسیم و اختیارات واضح کرتا ہے، پارلیمان اور عدلیہ کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا،چیف جسٹس کے عہدہ ملازمت میں توسیع کی کوشش عدلیہ کو متنازعہ اور اہم عہدے کی تذلیل کے مترادف ہے ہم اسے بھی مسترد کرتے ہیں، ہمار ا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر سینئر ترین جج کو چیف جسٹس کے عہدے پر تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن کیا جائے۔