پاکستان
الیکشن کمیشن نے آل پاکستان مسلم لیگ کا نام و نشان مٹا دیا
آل پاکستان مسلم لیگ کاکوئی پارٹی عہدیدار نہیں اور اب پارٹی کا کوئی وجود نہیں' 4 سال سے پارٹی اثاثوں کی تفصیلات بھی جمع نہ کرا سکی لہذا اسے ڈی لسٹ کیا جاتا ہے

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل)کی رجسٹریشن ختم کر کے اس کا نام و نشان مٹا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے آل پاکستان مسلم لیگ انٹرا پارٹی الیکشن تنازع پر محفوظ فیصلہ جاری کردیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اس فیصلے پرپہنچاہے کہ آل پاکستان مسلم لیگ کاکوئی پارٹی عہدیدار نہیں اور اب پارٹی کا کوئی وجود نہیں۔ فیصلے کے متن کے مطابق اے پی ایم ایل 4 سال سے پارٹی اثاثوں کی تفصیلات بھی جمع نہ کرا سکی لہذا اسے ڈی لسٹ کیا جاتا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھاکہ خودساختہ پارٹی عہدیدارن کی جانب سے انتخابی نشان کی درخواست مستردکی جاتی ہے اور اے پی ایم ایل کا انتخابی نشان عقاب اب مختص ہونے کیلئے دستیاب ہے۔