الیکشن کمیشن نے فارم 45میں کیا ترمیم کی؟ اندر کی بات سامنے آگئی
ای سی پی نے فارم 45 میں ترمیم کردی ہے جس کے بعد فارم میں تاریخ کے ساتھ ساتھ وقت درج کرنا بھی ضروری ہوگا
اسلام آباد(نیوز رپورٹر، مانٹیرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی)نے فارم 45 میں ترمیم کردی ہے جس کے بعد فارم میں تاریخ کے ساتھ ساتھ وقت درج کرنا بھی ضروری ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ترمیم پر 20 اکتوبر تک اعتراضات جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ترمیم کے ذریعے تمام ریٹرنگ افسران کو پابند کیا ہے کہ وہ امیدواروں کے نمائندوں کو فارم 45 دیتے وقت تاریخ کیساتھ ساتھ وقت بھی درج کریں ۔ خیال رہے کہ فارم 45 ووٹوں کی گنتی کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ اس سے قبل 27 ستمبر کو عام انتخابات سے قبل ملک بھر میں نئی مردم شماری کے نتائج کے مطابق حلقہ بندیوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ابتدائی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کردی گئی۔ مردم شماری کی منظوری کے بعد عام انتخابات کیلیے حلقہ بندیوں پر الیکشن کمیشن کی جانب سے کام تیزی سے جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر تجاویز اور اعتراضات 28 ستمبر سے 27 اکتوبر تک دائر کرائے جاسکتے ہیں جن پر 26 نومبر تک فیصلہ کردیا جائے گا اور پھر 30 نومبر کو حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ بندیوں میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی موجودہ نشستیں برقرار رہیں گی۔ فہرست کے مطابق قومی اسمبلی کی 266، پنجاب اسمبلی 297 ، سندھ اسمبلی 130، بلوچستان اسمبلی کی 51 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 نشستوں پر حلقہ بندیاں ہوئیں ہیں۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے آئند ہ سال 2024 کے پہلے مہینے جنوری کے آخری ہفتے میں ملک بھر میں عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان کر رکھا ہے.