انتخابی مہم میں ن لیگ کا ووٹ بیانیہ کیا ہوگا؟ اندر کی بات سامنے آگئی
کمیٹی نے سفارشات دی ہیں کہ مسلم لیگ ن کا ایسا پارٹی بیانیہ بنایا جائے جس میں مسلم لیگ ن کے سابقہ ادوار کے ترقیاتی منصوبوں کو شامل کیا جائے
لاہور( کھوج نیوز) آئندہ ہونے والے عام انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران مسلم لیگ ن کا ووٹ بیانیہ کیا ہوگا؟ اس حوالہ سے اندر کی بات سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے نواز شریف کی ہدایت پر عام انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں۔ آئندہ عام انتخابات میں اترنے کے لیے پارٹی بیانیے اور نئے انتخابی منشور کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کی ہدایت پر قائم کی گئی کمیٹی نے سفارشات دی ہیں کہ مسلم لیگ ن کا ایسا پارٹی بیانیہ بنایا جائے جس میں مسلم لیگ ن کے سابقہ ادوار کے ترقیاتی منصوبوں کو شامل کیا جائے اور عوام کو اعدادوشمار کے ذریعے بتایا جائے کہ اگر پاکستان کی تاریخ کے 75 سال میں سے نواز شریف کے ادوار کی ترقی کو نکال دیا جائے تو ملک میں کھنڈرات کے سوا کچھ نہیں بچتا۔ اس کے علاوہ نواز شریف کی حکومت ختم کرنے کی مبینہ سازش کو بھی بیانیہ میں شامل کیا جائے گا جب کہ ملک میں موجودہ مہنگائی کی ذمہ داری بھی پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت پر ڈالی جائے گی اور انتخابی مہم کے دوران جلسوں، جلوسوں اور ریلیوں میں پی ٹی آئی چیئرمین کی مبینہ کرپشن کو ہدف تنقید بنایا جائے گا۔