اگر الیکشن سے پہلے ہی نتائج طے کرنے ہیں تو پھر؟ بلاول بھٹو کا دبنگ اعلان
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لیے 3 آمروں کا مقابلہ کیا، اگر الیکشن سے پہلے ہی نتائج طے کرنے ہیں تو پھر الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں۔

نوشہرہ(کھوج نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لیے 3 آمروں کا مقابلہ کیا، اگر الیکشن سے پہلے ہی نتائج طے کرنے ہیں تو پھر الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں۔ پیر کونوشہرہ میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے لگتا ہے کہ پیپلز پارٹی کے خیبر پختونخوا کے جیالے الیکشن سے بھاگ نہیں رہے بل کہ جاگ رہے ہیں اور انتخابات کے لیے بھرپور تیار ہیں۔
پیپلز پارٹی کے خیبر پختونخوا کے جیالوں نے 3 آمروں کا سامنا کیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے دہشت گردی میں اپنی محبوب قائد کو کھو دیا، جمہوریت کے لیے ہماری قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ ملک کو اس وقت بہت سی مشکلات ہیں سوچتا ہوں کہا ں سے شروع کروں۔ مہنگائی تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے، بے روزگاری عروج پراور معیشت تباہ حال ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بے روزگاری، غربت تاریخی سطح پر ہے اور اسلام آباد کو کوئی پرواہ ہی نہیں ہے۔ جمہوریت کے لیے جن لوگوں نے قربانیاں دی ہیں آج وہ سوال کر رہے ہیں کہ کیا یہ وہی جمہوریت ہے جس کا وعدہ قائد عوام نے کیا تھا۔ عوام پوچھ رہے ہیں کہ آیا یہ وہی جمہوریت ہے جس کی خاطر محترمہ بے نظیر بھٹو نے شہادت قبول کی۔