بانی پی ٹی آئی کی زندگی خطرے میں، جسمانی نہیں،ذہنی تشدد کیا گیا،علیمہ خان
انتظار پنجوتھہ کیساتھ جو ہوا وہ کسی کیساتھ بھی ہوسکتاہے، چیف جسٹس سے اپیل ہے لاقانونیت نہ روکی تو لوگ قانون ہاتھ میں لے لیں گے: عمران خان کی ہمشیرہ کا بیان
راولپنڈی (کھوج نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی زندگی خطرے میںہے ان پر جسمانی نہیں بلکہ ذہنی تشدد کیا جا رہا ہے؟ علیمہ خان نے خوفناک بیان داغ دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم نے بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کیا ہے انہوں نے بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی صحتمند ہیں مگر ان کے جسم سے گوشت کم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر جسمانی تشدد تو نہیں کیا گیا لیکن ذہنی تشدد کیا گیا ہے جیسے دیکھا جاسکتا ہے انتظار پنجوتھہ کس حالت میں واپس آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون سے اوپر جانیوالے سمجھتے ہیں جس پر مرضی ہو تشدد کرو، انتظار پنجوتھہ کا کیا قصور تھا؟، سب نے اس کی ویڈیو دیکھی، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ظل شاہ کو قتل کرکے الزام میرے اوپر لگادیاگیا، یہاں عدالتوں میں تفتیشی افسر کو کہا جاتا ہے کہ جھوٹ بولیں سزا نہیں ملے گی، اب ساری حکومت جھوٹ بول رہی ہے، پولیس والا کوئی بھی الزام لگادے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے نئی موومنٹ کو ‘انصاف کیلئے انقلاب’ کا نام دیاہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انصاف کیلئے انقلاب لے کر آئیں جو تماشا انتظار پنجوتھہ کیساتھ کیا گیا وہ کسی کیساتھ بھی ہوسکتا ہے، جس نے لندن میں احتجاج کیا اس کی فیملی کو پاکستان میں اٹھالیا گیا اب برطانیہ میں انصاف مانگا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پھر جیل میں ڈال دیا جائے گا، ہم پر ایک مقدمہ 5تاریخ کا تھا،4 کو اٹھا لیاگیا تھا، یہ لوگوں کے بچوں کو خوفزدہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نئے چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہیں کہ لاقانونیت نہ روکی تو لوگ قانون ہاتھ میں لے لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی زندگی خطرے میں ہے، وہ ڈیل نہیں کررہے، انہوں نے تین چیزیں مانگی ہیں، جمہوریت، قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، ان لوگوں کا بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نکالنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، ہمیں خود پرامن احتجاج کرنا ہوگا، یہ چاہے ہمیں جیلوں میں ڈالیں، ہم اپنا آئینی حق ضرور استعمال کریں گے۔