پاکستان

بجلی چوری کی روک تھام کا معاملہ، شہبازشریف نے عوامی منتخب نمائندوں سے مدد مانگ لی

حکومت سالانہ اربوں کی بجلی چوری کے خاتمے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے، انہوں نے منتخب نمائندوں پر زوردیا کہ وہ بجلی چوری کے خاتمے میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں

اسلام آباد (کھوج نیوز) ملک بھر میں ہونے والی بجلی چوری کی روک تھام کے معاملے پر وزیراعظم میاں شہباز شریف نے عوامی منتخب نمائندوں سے مدد مانگ لی اور اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے عوام کے منتخب نمائندوں سے صوبہ خیبر پختونخوا میں بجلی کی چوری روکنے میں حکومت کی معاونت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا بالخصوص ضم شدہ اضلاع کی ترقی ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے حال ہی میں غریب اور متوسط طبقے کو بجلی کے بلوں میں بڑا ریلیف فراہم کیا ہے، حکومت کو معیشت کی بحالی کے لیے سخت فیصلے کرنا ہوں گے، ہم نے سیاست پر ریاست کو ترجیح دے کر ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک بھر میں زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف زرعی شعبہ ترقی کرے گا بلکہ کسان کو سستی بجلی بھی میسر آئے گی اور اس کے علاوہ زیر کاشت رقبہ میں اضافہ سمیت درآمدی ایندھن کی مد میں اربوں ڈالر کی بچت ہوگی۔

شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا بالخصوص ضم شدہ اضلاع کے غریب اور متوسط طبقے کو عالمی معیار کی تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دانش سکول قائم کیے جائیں گے، انضمام شدہ اضلاع میں صحت اور تعلیم کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔پاور سیکٹر میں اصلاحات کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سالانہ اربوں روپے کی بجلی چوری کے خاتمے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے، انہوں نے منتخب نمائندوں پر زوردیا کہ وہ بجلی چوری کے خاتمے میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button