بجلی کے بلوں میں بے پناہ اضافہ، حکومت پنجاب کا عوام کو ریلیف دینے کیلئے پلان بی تیار
حکومت صوبہ کے بجلی صارفین کو سولر پینلز فراہم کرنے کے لئے معاونت کرے گی' سولر پینل کی آدھی قیمت صارفین کو جبکہ آدھی قیمت پنجاب حکومت برداشت کرے گی
لاہور(کھوج نیوز) حکومت پنجاب نے صوبہ کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے بجلی کے ہوش اڑا دینے والے بلوں کو مد نظررکھتے ہوئے پلان بی تیار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ کے عوام کو ریلیف دینے کے معاملہ میں سنجیدہ اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی جانب سے اپنے صوبہ کے عوام کو سولر پراجیکٹس لگوا کر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حکومت صوبہ کے بجلی صارفین کو سولر پینلز فراہم کرنے کے لئے معاونت کرے گی۔ سولر پینل کی آدھی قیمت صارفین کو برداشت کرنا ہوگی جبکہ آدھی قیمت پنجاب حکومت خرچ کرے گی جسے صارفین آسان اقساط میں واپس کرنے کے پابند ہوں گے۔ حکومت پنجاب یہ اقدام اس لئے اٹھایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انتخابات سے قبل اپنے جلسے جلوسوں میں عوام سے وعدہ کیا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی لائی جائے گی اور 200 یونٹس تک کے صارفین کو بجلی مفت ملے گی تاہم اس اعلان کے بعد آئی ایم ایف سے کڑی شرائط آگئیں جن میں بجلی کے نرخوں میں سبسڈی ختم کرنے اور ان میں مزید اضافہ کرنے کا تقاضا کیا گیا تھا جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پلان بی تیار کیا ہے۔