پاکستان

بشریٰ بی بی کیخلاف مقدمات تفصیلات فراہمی کی درخواست، اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکمنامہ جاری

بشریٰ بی بی تفتیش کیلئے مطلوب تھیں تو طلب کیوں نہیں کیا؟،سوا سال ہوگیا کہانی ختم نا،اب گرفتاری کی کیا ضرورت ہے، یہ نہیں ہوسکتا ایک کیس میں نکلے، دوسرے میں گرفتارہو

اسلام آباد (کھوج نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے بشری بی بی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی درخواست پر سماعت 12 اگست تک ملتوی کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس عامر فاروق نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کی ان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت بشری بی بی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ عدالت کے روبرو حاضر ہوئے جبکہ ڈی آئی جی کی طلبی پر ان کی جانب سے ایس ایس پی آپریشن فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) کامران اصغر اسلام عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ڈی آئی جی آپریشنز راولپنڈی پیش ہوئے ہیں؟، اسٹیٹ کونسل عبدالرحمن نے بتایا کہ ایس ایس پی آپریشنز پیش ہوئے ہیں، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا بشریٰ بی بی کو 9 مئی کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے؟،ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی نے جواب دیا کہ ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے سوا سال ہو گیا اب کہانی ختم نا، یہ تو نہیں ہو سکتا کہ ایک کیس میں نکلے اور دوسرے میں گرفتار ہو، اگر بشریٰ بی بی آپ کو تفتیش کیلئے مطلوب تھیں تو طلب کیوں نہیں کیا؟،بشریٰ بی بی جب گرفتار نہیں تھیں تب بھی پولیس نے اْنہیں طلب نہیں کیا، گرفتار ہیں تب بھی ان سے تفتیش نہیں کی گئی۔چیف جسٹس نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف کوئی ثبوت ہے، نہیں ہے نا؟،اگر پولیس نے ابھی تک گرفتار نہیں کیا تو مطلب اب نہیں کرنا، سوا سال تک پولیس نے تفتیش نہیں کی تو اب گرفتاری کی کیا ضرورت ہے؟،ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ بشریٰ بی بی نے ان مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری دائر کر رکھی ہے، سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ میں اِس حوالے سے معلومات لے لیتا ہوں، وقت دیدیں، بشریٰ بی بی کا 9 مئی سے کیا تعلق؟ ان کا نام ایسے ہی شامل کر دیا گیا۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست پر مزید سماعت 12 اگست تک ملتوی کر دی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button