توشہ خانہ ٹو کیس، عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کب ہوگی؟ تاریخ سامنے آگئی
عدالت ضمانت کی درخواستوں پر آج ہی فیصلہ کرے، اگر کچھ نہیں ہونا تو عدالت ہماری ضمانت کی درخواستیں خارج کردے، آج کی تاریخ بھی پراسیکیوشن کی مرضی سے دی گئی تھی
اسلام آباد(کھوج نیوز) توشہ خانہ ٹو کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ و سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کب ہوگی؟ تاریخ سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے ضمانت بعداز گرفتاری کی درخواستوں پراڈیالہ جیل میں سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ وکلا صفائی نے ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواستوں پر اپنے دلائل مکمل کرلیے۔ پراسیکیوشن ٹیم کے ضمانت کی درخواستوں پر دلائل مکمل نہ ہوسکے، پراسیکیوشن نے دلائل کے لیے عدالت سے مزید وقت مانگ لیا۔ وکلا صفائی کی جانب سے دلائل کے لیے پراسیکیوشن کو مزید وقت دینے کی مخالفت کی گئی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے درخواست کی کہ عدالت ضمانت کی درخواستوں پر آج ہی فیصلہ کرے، اگر کچھ نہیں ہونا تو عدالت ہماری ضمانت کی درخواستیں خارج کردے، سماعت کی آج کی تاریخ بھی پراسیکیوشن کی مرضی سے دی گئی تھی، اب کیا ہرکام پراسیکیوشن کی مرضی سے ہوگا۔ اس موقع پر بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی نے بھی روسٹرم پر جا کر آج ہی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ کرنے کی استدعا کی۔