توہینِ الیکشن کمشنرکیس،فواد چوہدری نےحاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکردی
۔ بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کےخلاف توہینِ الیکشن کمیشن اورچیف الیکشن کمشنرکیس کی سماعت ممبرنثاردرانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نےکی
اسلام آباد(کھوج نیوز) توہینِ الیکشن کمشنر کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکردی۔ بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کےخلاف توہینِ الیکشن کمیشن اورچیف الیکشن کمشنرکیس کی سماعت ممبرنثاردرانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نےکی۔ سماعت کےدوران وکیل نعیم پنجوتھا نےکہا کہ بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کی جانب سے پیش ہوا ہوں، فواد چوہدری کل سماعت میں پیش ہوئے تھے، آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست ہے، آج کیس التواء کی درخواست کی ہے۔
وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا کہ فواد چوہدری کا ایک کیس 19ستمبر تک ملتوی ہوا ہے، یہ کیسز بھی تب تک ملتوی کر دیں، فیصل فرید بانی پی ٹی آئی کے وکیل ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لاء ونگ صائمہ جنجوعہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف آج شواہد ریکارڈ کیے جانے ہیں، ان کے وکیل کا پیش ہونا ضروری ہے، فواد چوہدری کیس کا دوبارہ چارج فریم ہونا ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکام نے کہا کہ یہ کرمنل کیس ہے جس میں ملزم کا آنا ضروری ہوتا ہے، بینچ نے سوال کیا تھا بانی پی ٹی آئی کی کیسز میں حاضری کیسے ہو گی، ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ ان کے جتنے ٹرائل ہیں اس میں ان کی حاضری ویڈیو لنک سے ہو گی۔ ممبر کمیشن نے کہا کہ جیل والوں سے معلوم کرلیں ان کے پاس ویڈیو لنک کی سہولت ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکام نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ میں ویڈیو لنک سے حاضری ہوئی تھی۔ وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا کہ جیل والوں نے ہمیں کہا کہ ان کے پاس ویڈیو لنک کی سہولت نہیں ہے۔ ممبر کمیشن نے کہا کہ ہم ان سے بات کر لیں گے۔ جس کے بعد کیسز کی سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔