جیل اہلکاروں کی سہولت کاری،بانی پی ٹی آئی کے پرپُرزے کاٹ دئیے گئے
اڈیالہ جیل میں تبادلوں اور حکام کی گرفتاریوں کے بعد کچھ سختیاں مزید بڑھا دی گئی ہیں
راولپنڈی(کھوج نیوز)جیل اہلکاروں کی سہولت کاری،بانی پی ٹی آئی کے پرپُرزے کاٹ دئیے گئے اور تبدیل کی گئی نئی جیل انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئیں۔کھوج نیوز رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان پر اڈیالہ جیل میں سختیاں مزید بڑھا دی گئی ہیں۔ جیل ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں تبادلوں اور حکام کی گرفتاریوں کے بعد کچھ سختیاں مزید بڑھا دی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے سیل کے قریب جیل عملے کو جانے سے منع کردیا گیا ہے۔ عمران خان اب مکمل طور پر قید تنہائی میں ہیں۔ اگر عمران خان کو کسی چیز کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ آواز لگا کر منگوا لیتے ہیں لیکن عملے کو عمران خان سے بات چیت کرنے سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ عمران خان کو اب متعدد ضروریات کی چیزیں بھی مہیا نہیں کی جا رہی ہیں۔ مثلاً انہیں کتابیں، انگریزی اخبار ڈان وغیرہ اب پڑھنے کو نہیں دیا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان پر پہلے بھی سختیاں تھیں تاہم انہوں نے اس حوالے سے بات کرنے سے منع کیا ہوا تھا لیکن اب سختیاں مزید بڑھا دی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو نہانے کے لیے ریت ملا پانی دیا جاتا ہے۔ بالٹی بھر کر رکھ دی جاتی ہے۔ جب ریت بیٹھ جاتی ہے تو عمران خان وہ پانی نہانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔