جیل بھجوانے والوں کو شرمندگی’مریم نواز زارو قطار رو پڑیں
بچوں کو گارڈ آف آنر ملتے دیکھا تو میری آنکھیں نم ہو گئیں، مجھے رلانا آسان کام نہیں
لاہور(کھوج نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی آنکھیں بھیگ گئیں۔ وہ میٹرک کے پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں ۔انہوں نے کہا کہ آج طلبہ او روالدین کیلئے بڑا دن ہے۔پوزیشن ہولڈرز نے والدین اور اساتذہ کا نام روشن کیا ،تمام پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ پوزیشن ہولڈر طلبہ ہمارے سر کا تاج ہیں، ایک ماں کی طرح بچوں کی کامیابی پر خوش ہوں۔انہوں نے وزیر تعلیم سے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز کو گارڈ آف آنر دیاجائے۔
انہوں نے کہا کہ میںجیل میں بھی گئی میں نے 6,7 سال مقدمات بھی بھگتے مگر میری آنکھ میں آنسو نہیں آئے،۔ جب آپ بچوں کو گارڈ آف آنر ملتے دیکھا تو میری آنکھیں نم ہو گئیں، مجھے رلانا کوئی آسان کام نہیں۔بچوں کے والدین کو مبارکباد پیش کرتی ہوں جن کی دعائوں سے آپ سب بچے اس مقام تک پہنچے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز میں 138 پوزیشن ہولڈرز ہیں، ان 138پوزیشن ہولڈرز میں سے بیٹیوں کی تعداد زیادہ ہے، میرے لیے بیٹیاں اور بیٹے برابر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ شہباز شریف جب وزیراعلیٰ تھے تو انہوں نے 2011 میں لیپ ٹاپس سکیم شروع کی، آپ کو حکومت کی جانب سے تمام آسانیاں ملنی چاہئیں، اللہ کے نظام میں ناانصافی نہیں ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کل میری جگہ پر آپ پوزیشن ہولڈرز میں سے کوئی بچہ یا بچی کھڑی ہوگی، میرے پاس پنجاب میں 49 ہزار سکول ہیں، ہم تعلیم میں بہت ساری اصلاحات لارہے ہیں، آئندہ 5سال میں پنجاب میں شعبہ تعلیم کی شکل بدل جائے گی۔