حالیہ دہشتگردی واقعات، آئی جی ریلوے کے احکامات، پولیس افسران کی دوڑیں لگ گئی
آئی جی ریلوے نے تمام ایس پیز کو الرٹ رہنے کیساتھ سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کی ہدایت کی 'سی سی ٹی وی کیمرے کے ذریعے سکیورٹی کو مانیٹر کیا جائے گا
لاہور ( فیض احمد ) ریلوے پولیس حکام نے ملک میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے باعث اورکسی بھی ممکنہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے لاہور ریلوے اسٹیشن سمیت ملک بھر کے35 بڑے ریلوے اسٹیشنوں ، ریلوے تنصیبات سمیت حساس علاقوں میں چلنے والی ٹرینوں اور ریلوے ٹریک کی حفاظت کے لئے سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیئے ہیں ۔علاوہ ازیں ٹرینوں کے اندر پولیس کی نفری میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق آئی جی ریلوے پولیس راؤ سردار علی خان نے دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر ملک بھر کے تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کردی ہے اور اس حوالے سے تمام ایس پیز کو الرٹ رہنے کے ساتھ سکیورٹی کے انتظامات کی خود نگرانی کی ہدایت کی ہے ریلوے اسٹیشنوں کے سی سی ٹی وی کیمرے کے ذریعے سکیورٹی کو مانیٹر کیا جائے گا جبکہ ریلوے اسٹیشنوں پر ڈیوٹی سر انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے کہ وہ دوران ڈیوٹی مشکوک افراد پر کڑی نگاہ رکھیں اور سکیورٹی کے متعلق کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گئی ۔ اسی طرح مین لائنوں پر چلنے والی ٹرینوں کے اندر پولیس کی نفری میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے اور ٹرینوں کے اندر ڈیوٹی سر انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کو مشکوک افراد کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ہداہت کی گئی ہے ۔
علاوہ ازیں حساس علاقوں میں چلنے والی ٹرینوں ریلوے ٹریک اور تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور ریلوے اسٹیشن سمیت ملک کے دیگر بڑے ریلوے اسٹیشنز کراچی،ملتان، پشاور،کوئٹہ،راولپنڈی،فیصل آباد’خانیوال، ساہیوال ‘خان پور، سبی’جیکب آباد ‘روہڑی،سکھر،حیدر آباد سمیت دیگر ریلوے اسٹیشن پر سادہ لباس میں بھی پولیس اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے تاکہ سکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کیا جا سکے۔اسی طرح ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں کی سہولت کے لیے بنائے گئے ہیلپ سنٹر پر تعینات عملے کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بھی الرٹ رہیں مشکوک افراد پر کڑی نگاہ رکھیں اور سکیورٹی کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔