حسان نیازی کی مشکلات میں اضافہ، کیس ملٹری کورٹ میں منتقل
ملزم حسان نیازی جناح ہاؤس مقدمے میں لاہور پولیس کو مطلوب ہے، ملزم کو لاہورلانے کیلئے کوئٹہ کے محکمہ داخلہ کو چٹھی ارسال کردی گئی ہے
لاہور(کرائم رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے بھانجے حسان خان نیازی کاکیس فوجی عدالت میں منتقل کر دیا گیا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حسان نیازی کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل ہوگا،حسان نیازی کو کل کوئٹہ سے راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا۔ تحریک انصاف کے رہنما حسان نیازی کو ایبٹ آباد سے گرفتار کیا گیا تھا اور ایبٹ آباد پولیس نے حسان نیازی کو کوئٹہ پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔
لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم حسان نیازی جناح ہاس مقدمے میں لاہور پولیس کو مطلوب ہے، ملزم کو لاہورلانے کیلئے کوئٹہ کے محکمہ داخلہ کو چٹھی ارسال کردی گئی ہے، قانونی پراسیس کے بعد حسان نیازی کو لاہور پولیس کوئٹہ لینے جائے گی۔ لاہورہائیکورٹ نے حسان خان نیازی کو 18اگست کو متعلقہ عدالت پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی نے بیٹے کو حبس بے جا میں رکھنے کے خلاف اور اس کی بازیابی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
جسٹس سلطان تنویر نے حسان نیازی کے والد کی درخواست پر سماعت کی، حفیظ اللہ نیازی نے عدالت سے استدعا کی کہ بیٹے کو بازیاب کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔عدالت نے تحریری حکم دیا کہ حسان نیازی پولیس کی تحویل میں ہیں توپیش کریں۔ سرکاری وکیل عدالتی حکم پر عملدرآمد کویقینی بنائیں،اگرحسان نیازی فریقین کے تحویل میں ہے تو18اگست کو عدالت پیش کریں۔ آئی جی پولیس سمیت دیگرفریق آئندہ سماعت پر رپورٹ جمع کرائیںجبکہ حسان نیازی کا نام اے پلس کیٹگری کے ملزمان میں بھی شامل کر دیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق 9مئی کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو اے پلس اور اے کیٹگریز کا نام بھی دیا گیا۔حسان نیازی پر کور کمانڈر ہاؤس کے باہر فوجی وردی لہرانے کا بھی الزام عائد ہے۔