پاکستان

حکومت کا ٹیکس نادہندہ کے خلاف گھیرا مزید تنگ، ایسی پابندیاں لگا دیں کہ سب سر پکڑ کر بیٹھ گئے

تنخواہ دار اور مینوفیکچرنگ طبقے پر جو اضافی بوجھ ڈالا گیا تھا اسے کم کیا جائے گا، ریٹیلرز، ہول سیلرز، زراعت اور پراپرٹی کے شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا

اسلام آباد(کھوج نیوز) وفاقی حکومت کا ٹیکس نادہندہ کے خلاف گھیرا مزید تنگ، ایسی پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام ٹیکس نادہندہ افراد سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اب نان فائلر کی اصطلاح ختم کرنے جارہی ہے، ٹیکس نہ دینے والوں پر ایسی پابندیاں لگائیں گے کہ وہ بہت سے کام نہیں کرسکیں گے، حکومت کے پاس لوگوں کے طرز زندگی کا ڈیٹا موجود ہے،کس کے پاس کتنی گاڑیاں ہیں،کتنے بیرون ممالک سفر، سب معلومات ہیں۔ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ امریکا ماضی میں بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرتا رہا ہے، امید ہے مستقبل میں اس میں اضافہ ہوگا، دوست ممالک سے جو قرض لیا ہے اس میں چین کا حجم سب سے زیادہ ہے، جی ایس پی پلس پروگرام پاکستانی برآمدات کے لیے لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار اور مینوفیکچرنگ طبقے پر جو اضافی بوجھ ڈالا گیا تھا اسے کم کیا جائے گا، ریٹیلرز، ہول سیلرز، زراعت اور پراپرٹی کے شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا، آئی ایم ایف پوچھتا ہے کہ اسے قرض واپس کیسے کریں گے؟ حکومت کے پاس اب معاشی اصلاحات کے سوا کوئی چارہ نہیں، ٹیکس نیٹ سے باہر کے شعبوں کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لانا ہوگا، گزشتہ برس محصولات میں29 فیصد اضافے کے باوجود ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح 9 فیصد رہی، 9 فیصد ٹیکس ٹو جی ڈی پی کسی بھی ملک کی معیشت کو استحکام نہیں دلاسکتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قرض پروگرام 37 ماہ پر مشتمل ہے، آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیر نہیں ہوئی، مرحلہ وار عمل کے نتیجے میں منظور ہوا، ماضی کے پروگراموں پر عمل نہ کرنے کے باعث ساکھ اور اعتماد کا فقدان ہے، موجودہ حکومت پرعزم ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کے مطابق معاشی اصلاحات لانی ہیں، گزشتہ مالی سال کے اختتام پر روپے کی قدر میں استحکام آیا ہے، زرمبادلہ کے ذخائربڑھے ہیں جس کے نتیجے میں مہنگائی میں بتدریج کمی ہوئی۔آئی ایم ایف قرض کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی مدد اور چین کا تعاون آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری کی وجہ بنا، آئی ایم ایف پروگرام کے لیے دوست ممالک نے مالیاتی ضرورت کو پورا کرنیکی یقین دہانی کرائی، آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر قرض پروگرام کی منظوری دی، اگر چاہتے ہیں کہ یہ آخری پروگرام ہو تو اس کے لیے ملکی معیشت میں بنیادی اصلاحات لانا ہوں گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button