پاکستان

خواجہ عمران نذیر نے ڈینگی تدارک کیلئے اہم ہدایات جاری کر دیں

موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ہر سال ڈینگی کا پھیلاؤ بڑھ جاتا ہے، اس کے مضراثرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر کو اختیار کرنا لازم ہے: خواجہ عمران نذیر

لاہور(سیاسی رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر اور سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام داتا دربار میں ڈینگی آگاہیِ مہم کے سلسلے میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے تدارک کے لیے محراب و منبر مستعد ہے، اسلام ماحولیاتی پاکیزگی کا امین ہے۔ سیرت طیبہۖکے ذریعہ حفظان صحت کے اصولوں کی ترویج ممکن ہے۔ ڈینگی سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر کو عام والناس تک پہنچانے کے لیے علماء و خطبا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ مساجد، مزارات، مدارس اور قبرستانوں میں اس سے بچاؤ کے لیے جملہ تدبیر پوری سپرٹ کے ساتھ جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ہر سال ڈینگی کا پھیلاؤ بڑھ جاتا ہے، اس کے مضراثرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر کو اختیار کرنا لازم ہے۔ انسانی بستیوں کو محفوظ بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے، جس کے لیے گورنمنٹ پوری طرح چو کس ہے۔سیکرٹری اوقاف نے مزید کہا کہ اس ڈینگی آگاہی مہم میں علما و خطبا اپنا بھرپورکردار ادا کررہے ہیں۔ مدرسہ سٹوڈنٹس اور ٹیچرز کو اس مہم میں شامل کرنے کے لیے مدرسہ لیڈر شپ کے ساتھ اشتراک ِعمل کو مستحکم کرلیا۔ اتحادِبین المسلمین کمیٹی کے ممبران کو اس مہم کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔ مساجد میں آگاہی مہم کے سلسلے میں تحریری میٹریل کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ جمع المبارک کے موقع پر صوبہ بھر اور بالخصوص اوقاف کی مرکزی مساجد میں ”ڈینگی آگاہی مہم ” کے سلسلے میں خصوصی خطبات کا اہتمام ہوا۔ اس موقع پر پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے۔ سیمینار میں ایڈ منسٹریٹرداتا دربار شاہد حمید ورک، منیجر اوقاف داتا دربار شیخ جمیل احمد،نائب خطیب امام داتا دربار قاری محمدفیصل جماعتی،قاری محمد رفیق نقشبندی اوردینی و مذہبی شخصیات سمیت زائرین کی کثیر تعدادبھی موجود تھی۔ دریں اثنا صوبائی وزیر صحت،سیکرٹری اوقاف اور دیگر عمائدین نے مزار پر انوار حضرت داتاگنج بخش پر حاضری دی، چادر چڑھائی،پھو ل پیش کیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button