خیبرپختونخوا میں ائیرایمبولینس منصوبہ تاخیرکا شکار کیوں ہوا؟
فوکل پرسن ائیرایمبولینس کمیٹی خورشید خان نے بتایا کہ فنڈز نہ ہونے کے باعث منصوبہ تاخیر کا شکار ہے،
پشاور(کھوج نیوز) خیبرپختونخوا میں ائیرایمبولینس منصوبہ تاخیرکا شکار کیوں ہوا؟ وجہ سامنے آگئی۔رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کا ائیر ایمبولینس منصوبہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث تاخیر کا شکار ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ کے پی حکومت نے بجٹ میں ائیر ایمبولینس کے لیے رقم مختص کی تھی مگر محکمہ خزانہ نے ائیر ایمبولینس کے لیے ابھی تک رقم جاری نہیں کی جبکہ ہیلی کاپٹر کو ائیر ایمبولینس کےطور پر استعمال کرنےکے لیے موڈیفکیشن بھی کرانی ہے۔
فوکل پرسن ائیرایمبولینس کمیٹی خورشید خان نے بتایا کہ فنڈز نہ ہونے کے باعث منصوبہ تاخیر کا شکار ہے، محکمہ خزانہ کو رقم جاری کرنے کے لیے درخواست کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج، وفاقی اور صوبائی اداروں نے ائیر ایمبولینس کے لیے مکمل تعاون کیا ہے اور ڈونرز منتظر ہیں کہ منصوبے پر کام شروع ہو۔
دوسری جانب مشیر خزانہ کے پی مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت سے سمری آئے گی تو فنڈز جاری کر دیں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے رواں سال اپریل میں حکام کو 4 ماہ کے اندر ائیر ایمبولینس سروس شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔