رانا مشہود نے وزیراعظم یوتھ لون سکیم دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا
حکومت معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرنے،نوجوانوں کی صلاحیتیں بروئے کار لائے کیلئے پرعزم ہے،3 لاکھ نوجوانوں میں 100 ارب روپے کے قرضے تقسیم کئے جائینگے: رانا مشہود
اسلام آباد (کھوج نیوز) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرنے،نوجوانوں کی صلاحیتیں بروئے کار لائے کیلئے پرعزم ہے، با اختیار نوجوان اپنے خاندان،ملک کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں،حکومتی اقدامات کے باعث سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں،رواں ماہ کے آخر تک وزیراعظم یوتھ لون سکیم دوبارہ شروع کی جائے گی جس کے تحت3 لاکھ نوجوانوں میں 100 ارب روپے کے قرضے تقسیم کئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہا کہ حکومت معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے، مہنگائی 4 سال کی کم ترین سطح پر ہے جبکہ تمام معاشی اشاریئے مثبت ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ چند ماہ میں مہنگائی میں مزید کمی آئیگی اورعوام کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نوجوانوں کی صلاحیتیں بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہے، با اختیار نوجوان اپنے خاندان،ملک کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان دولت مشترکہ کے ساتھ فعال اندازمیں مل کر کام کررہا ہے،2017ء تک پاکستان میں چین سمیت دیگرممالک سرمایہ کاری کررہے تھے تاہم2017 سے 2024 کے درمیان پاکستان میں کوئی سرمایہ کاری نہیں آئی جس کا ہمیں بہت نقصان اٹھانا پڑالیکن اب حکومتی اقدامات کے باعث دنیا بھرکے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کا دورہ پاکستان انتہائی کامیاب رہا اس دوران متعدد معاہدوں اورمفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے گئے اس کے اثرات جلد سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دولت مشترکہ کیساتھ مصنوعی ذہانت میں تعاون کا معاہدہ کیا ہے جس کا 12 اگست کوعالمی یوم نوجوانان پرا باقاعدہ اجرا کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ دولت مشترکہ کے یوتھ منسٹرز کی ٹاسک فورس کی چیئرمین شپ پاکستان کے پاس ہے، اس کے تحت دولت مشترکہ کے 56 رکن ممالک کے وزرائے تعلیم،کھیل اور صنعت آئندہ سال پاکستان کا دورہ کریں گے، اس سے ان ممالک کے درمیان تجارت اور کاروبار کے مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ یوتھ پارلیمنٹرین فورم کا دولت مشترکہ کیساتھ اشتراک کیا گیا ہے، فورم کے رکن 56 ممالک ارکان پارلیمنٹ سے تجربات کا تبادلہ کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی رضا کار کور گراس روٹ لیول پرکام کرے گی، یہ نوجوان موسمیاتی تبدیلی، شجرکاری، تعلیم سمیت دیگر شعبوں کیلئے مقامی سطح پر کام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر سے نوجوانوں نے قومی رضاکار کور کے لوگو کے انتخاب کیلئے 850 ڈیزائن بھیجے تاہم کوئٹہ کی بچی کا لوگو کمیٹی نے منتخب کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان درست راہ پر گامزن ہے، نوجوان اپنی قسمت بدلنے کیلئے پرعزم ہیں،دنیا میں پاکستانی ہنر مند افرادی وقوت کی مانگ 10 سے 15 لاکھ ہے، رواں سال 2 لاکھ 60ہزارنوجوانوں کوبراہ راست اور6 سے 8 لاکھ نوجوانوں کوبالواسطہ طور پر ہنر مند بنانے کی تربیت دی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ بیرون ملک جانیوالے نوجوانوں کوہنر کیساتھ اخلاقیات کی تربیت بھی دی جائے گی تاکہ وہ اچھے کردار سے پاکستان کا نام روشن کریں ا س سے پاکستانی نوجوانوں کیلئے مزید مواقع پیدا ہونگے، ان نوجوانوں کوکریش لینگوئج کورسز بھی کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم یوتھ لون سکیم 2013ء میں نواز شریف نے شروع کی،2013ء سے 2022 ء تک پروگرام کے تحت 75ارب روپے اور 2023ء میں نوجوانوں کو با اختیاربنانے کیلئے 54ارب روپے کا قرضہ دیا گیا جس سے ایک لاکھ 76ہزار نوجوان مستفید ہوئے۔انہوں نے کہاکہ رواں ماہ کے آخر تک وزیراعظم یوتھ لون سکیم دوبارہ شروع کی جائے گی جس کے تحت3 لاکھ نوجوانوں میں 100 ارب روپے کے قرضے تقسیم کئے جائیں گے، ان قرضوں کی واپسی کی شرح 97فیصد ہے جس سے ملکی معیشت کو 900ار ب روپے کا فائدہ ہوا ہے، ان نوجوانوں نے 30ہزار ملازمتیں فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے دانشمندانہ اقدامات کے باعث آئی ٹی کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے کیونکہ حکومت نے آئی ٹی کے فروغ پرتوجہ مرکوز کررکھی ہے۔