روسی صدر پیوٹن نے وزیراعظم شہباز شریف کو کن شعبوں میں تعاون بڑھانے کی پیشکش کی؟ اہم خبر آگئی
''میں خاص طور پر دو اہم شعبوں، توانائی اور زرعی صنعت کے شعبوں، میں تعاون پر زور دینا چاہوں گا: روسی صدر کی وزیراعظم شہبازشریف کو یقین دہانی
اسلام آباد(کھوج نیوز) روسی صدر پیوٹن نے وزیراعظم شہباز شریف کو کن شعبوں میں تعاون بڑھانے کی پیشکش کی؟ اس حوالے سے تمام تر تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے آستانہ میں پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی اور بات چیت کے دوران پاکستان کو خام تیل سمیت توانائی کی سپلائی میں اضافہ کرنے کی پیشکش کی۔
کریملن کے مطابق صدر پوٹن نے شہباز شریف سے کہا کہ وہ ان سے مل کر ”بہت خوش” ہیں۔ روسی صدر نے مزید کہا کہ ”آپ کی درخواست کے مطابق روس پاکستانی منڈی میں اناج کی سپلائی بڑھا کر پاکستان کی غذائی تحفظ میں مدد کے لیے سرگرم عمل ہے۔”پوٹن اور شہباز علاقائی سربراہی اجلاس کے لیے قازقستان میں ہیں اور یہ ان کی دوسری ملاقات تھی۔ اس سے قبل ستمبر 2022 میں سمرقند میں ہونے والے ایس سی او اجلاس کے دوران بھی دونوں رہنماں کی ملاقات ہوئی تھی۔ روسی صدر کے دفتر کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق پوٹن نے کہا، ”میں یہ نوٹ کرنا چاہوں گا کہ اس وقت سے اب تک دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کاروبار کی طرح دوستانہ جذبے سے ترقی کرتے رہے ہیں۔ ہم تجارت میں ترقی دیکھ سکتے ہیں اور اس شعبے میں امکانات بہت اچھے نظر آ رہے ہیں۔”کریملن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران روسی صدر پوٹن نے پاکستان کو توانائی کی مزید فراہمی کے امکان پر تبادلہ خیال کیا۔بیان کے مطابق پوٹن نے شہباز شریف کو بتایا کہ ”میں خاص طور پر دو اہم شعبوں، توانائی اور زرعی صنعت کے شعبوں، میں تعاون پر زور دینا چاہوں گا: ہم نے پاکستان کو توانائی کے وسائل کی فراہمی شروع کر دی ہے اور ہم سپلائی میں مزید اضافہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔”