روس کے لئے برآمدات میں اضافہ،بھارت نے منصوبہ بندی کرلی
روپیہ-روبل تجارت کی حوصلہ افزائی اور ماسکو پر نان ٹیرف رکاوٹیں ہٹانے کے لیے دباؤ ڈالنا شامل ہے ۔
نیودہلی(ویب ڈیسک)روس کے لئے برآمدات میں اضافہ،بھارت نے منصوبہ بندی کرلی۔رپورٹ کے مطابق بھارت روس کے لیے اپنی برآمدات بڑھانے کے طریقے تلاش کر رہا ہے، جن میں روپیہ-روبل تجارت کی حوصلہ افزائی اور ماسکو پر نان ٹیرف رکاوٹیں ہٹانے کے لیے دباؤ ڈالنا شامل ہے ۔ یہ اعلان نئی دہلی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ ماسکو کے تناظر میں کیا۔
بھارت کے سیکرٹری تجارت سنیل بر تھوال نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے روس سے کہا ہے کہ وہ ’سی فوڈ‘ کی بھارتی مصنوعات کی برآمدات کو دشوار بنانے والے کچھ طریقوں کو تبدیل کرنے پر غور کرے۔ انہوں نے مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ نئی دہلی تجارت مقامی کرنسیوں یعنی روبل اور روپے میں کرنے کی بھی حوصلہ افزائی کر رہی ہے جس کا آغاز کرنے میں ناکامی ہوئی ہے، اور وہ ایک تجارتی وفد روس بھیجے گی۔
انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم روس کی طرف دیکھ رہے ہیں تو ہم اس کا جائزہ لے رہے ہیں کہ دونوں ملک بہتر تجارتی تعلقات سے کیسے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ، "ہم ان مختلف اشیاء کو دیکھ رہے ہیں، مثلاً الیکٹرانکس، انجینئرنگ کے سامان اور دوسری چیزیں، جو برآمد ہو سکتی ہیں۔”