پاکستان

زرداری کی گیڈر بھبکیاں کام کر گئیں، نوازشریف کا رابطہ، جلد ملاقات کا امکان

زرداری اور نوازشریف نے اتفاق کیا کہ معاشی صورتحال میں عوام کو زیادہ ریلیف ملنا چاہیے جبکہ ن لیگ نے ایم کیو ایم وفد کو بھی ملاقات کی دعوت دے دی

لاہور(کھوج نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری کی گیڈر بھبکیاں کام کر گئیں، قائد ن لیگ میاں نوازشریف کا رابطہ ہونے کے بعد دونوں رہنمائوں میں جلد ملاقات پر اتفاق ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نوازشریف اور آصف زرداری کے درمیان ہونے والے رابطے میں جلد ملاقات پر اتفاق ہوا ہے اور آصف زرداری نے نوازشریف کو وطن واپسی پر مبارکباد دیتے ہوئے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ کیا گیا۔آصف زرداری اور نوازشریف نے اتفاق کیا کہ معاشی صورتحال میں عوام کو زیادہ ریلیف ملنا چاہیے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن نے ایم کیو ایم وفد کو پارٹی قائد نوازشریف سے ملاقات کی دعوت دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ن لیگ شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کو فون کیا اور ن لیگ کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد کو سابق وزیرِاعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے مدعو کیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ایم کیو ایم کا 3 رکنی وفد کل قائد ن لیگ نوازشریف سے ملاقات کرے گا، وفد خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں لاہور پہنچے گا، جس میں مصطفی کمال اور فاروق ستار بھی شامل ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، پارٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نوازشریف رواں ہفتے سب سے پہلے مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، ان کی دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتوں کا شیڈول بھی طے کیا جا رہا ہے، مسلم لیگ ن نے اہم اجلاس میں پارٹی قائد کے ملک کے چاروں صوبوں کے دوروں کا فیصلہ بھی کیا ہے، نوازشریف 10 نومبر کے بعد ملک بھر میں دوروں کا آغاز کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button