سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کی سائبر دہشتگردی کے مقدمہ میں 10 دنوں کی حفاظتی ضمانت منظور
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے عالیہ حمزہ کے شوہر حمزہ ملک کی درخواست پر سماعت کی جس میں مقدمات کی تفصیلات فراہم نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا
لاہور (کھوج نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کی سائبر دہشتگردی کے مقدمہ میں 10 دنوں کی حفاظتی ضمانت منظورکرلی اور تحقیقاتی اداروں کو مزید کارروائی کیلئے قانونی دائرہ کار میں رہنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے عالیہ حمزہ کے شوہر حمزہ ملک کی درخواست پر سماعت کی جس میں مقدمات کی تفصیلات فراہم نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا. عالیہ حمزہ اپنے سسر جمیل ملک اور وکیل اشتیاق اے خان کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں.
وفاقی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ عالیہ حمزہ کیخلاف ایف آئی اے میں سائبر دہشتگردی الزامات کے تحت مقدمہ درج ہے. اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عالیہ حمزہ نے اس مقدمہ میں عبوری ضمانت حاصل کی ہے؟ سابق رکن اسمبلی کے وکیل نے بتایا کہ سائبر کرائم مقدمہ کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں تھی. درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ اہلیہ پر پنجاب میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کی جارہی. درخواست میں استدعا کی گئی کہ عالیہ حمزہ پر درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے.