سابق صدر عارف علوی کا نومنتخب امریکی صدر ٹرمپ کو خط، سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی
آپ پاکستان کے اچھے دوست رہے ہیں، عمران خان کی طرف سے عالمی امن کے لیے اپنی بہترین کوششوں کو جاری رکھنے پر آپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں
اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و سابق صدر مملکت عارف علوی نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خط میں عارف علوی کا کہنا ہے کہ آزادانہ و منصفانہ اور بغیر دھاندلی کے انتخابات نے امریکہ کے شہریوں کو اپنی خواہش اور امید کے اظہار کی اجازت دی ہے کہ وہ آپ کی قیادت کے ذریعے اپنے خوابوں کو پورا کرسکیں۔پی ٹی آئی رہنما نے خط میں مزید کہا کہ آپ پاکستان کے اچھے دوست رہے ہیں، دنیا یوکرین اور فلسطین میں جنگ سے پریشان ہے اور اس کے اثرات سے پاکستان اور میرے لوگوں کو نقصان پہنچا ہے، عمران خان کی طرف سے میں عالمی امن کے لیے اپنی بہترین کوششوں کو جاری رکھنے کے لیے آپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ خط میں انہوں نے کہا ہے کہ اپنے ملک کے لوگوں کی طرف سے اور پاکستان کے 13ویں صدر کے طور پر میں آپ کو امریکہ کو دوبارہ عظیم بنانے کی شاندار فتح پر مبارکباد دینا چاہتا ہوں، ہم جمہوری قوموں کے طور پر مسلسل تعاون کے منتظر ہیں، درحقیقت آپ کی جیت نے دنیا کے آمروں اور خواہشمند آمروں کی ریڑھ کی ہڈی کو ہلا کر رکھ دیا ہوگا۔