سرکاری اہلکاراسمگلروں کےسہولت کار،ملک بھر کےعوام کے ہوش اُڑ گئے
کرنسی اور آئل کے بعد چینی، کھاد اور گندم کی اسمگلنگ کی رپورٹ وزیرِ اعظم سیکریٹریٹ میں جمع کروا دی گئی۔
اسلام آباد(کھوج نیوز) سرکاری اہلکار اسمگلروں کے سہولت کار،ملک بھر کے عوام کے ہوش اُڑ گئے، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کی جانب سے کرنسی اور آئل کے بعد چینی، کھاد اور گندم کی اسمگلنگ کی رپورٹ وزیرِ اعظم سیکریٹریٹ میں جمع کروا دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی، کھاد اور گندم کی پاکستان سے اسمگلنگ کے بارے میں تفصیلات رپورٹ کا حصہ ہیں۔ گندم، کھاد اور چینی کے اسمگلروں اور سرکاری اہلکاروں کی تفصیلات بھی رپورٹ میں شامل ہیں۔
گندم کی اسمگلنگ میں 592 ذخیرہ اندوزں کی نشاندہی کی گئی ہے، گندم کی اسمگلنگ میں 26 اسمگلر شامل ہیں۔گزشتہ سال آئی بی نے 417 رپورٹس متعلقہ محکموں کو بھجوائی تھیں، حساس ادارے کی نشاندہی پر 90147 میٹرک ٹن ذخیرہ شدہ اور اسمگل ہونے والی گندم قبضے میں لی گئی۔
آئی بی کی رپورٹ میں اسمگلروں کی مدد کرنےوالے 259 اہلکاروں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپورٹ کےمطابق صوبائی حکومتوں میں تعینات اہلکار اسمگلروں اور ذخیرہ اندوزں کو مدد فراہم کرتے ہیں۔ پنجاب میں 272، سندھ میں 244، خیبر پختون خوا میں 56، بلوچستان میں 15 اور اسلام آباد میں 5 سرکاری اہلکار اسمگلروں کے مددگار اورساتھی ہیں۔