پاکستان

سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواست مسترد،الیکشن کمیشن کا فیصلہ

الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل خواتین اور اقلیتوں کے مخصوص کوٹے کی مستحق نہیں۔

اسلام آباد(کھوج نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواست مسترد کردی۔ الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل خواتین اور اقلیتوں کے مخصوص کوٹے کی مستحق نہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے 1-4 کے تناسب سے فیصلہ جاری کیا گیا ہے، اس میں ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ نے اختلاف کیا۔

الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ یہ مخصوص نشستیں اب باقی جماعتوں میں تقسیم کی جائیں گی۔ ممبر الیکشن کمیشن پنجاب بابر حسن بھروانہ نے اختلافی نوٹ میں لکھا کہ اس حد تک میں چاروں ممبران سے اتفاق کرتا ہوں کہ یہ نشستیں سنی اتحاد کونسل کو نہیں دی جا سکتیں مگر میرا نکتا یہ ہے کہ یہ مخصوص نشستیں باقی سیاسی جماعتوں میں بھی تقسیم نہیں کی جا سکتیں۔

ممبر پنجاب نے کہاکہ یہ مخصوص نشستیں آئین کے آرٹیکل 51 اور 106 کے تحت خالی رکھی جائیں۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد ارکان اسمبلی نے انتخابات کے بعد سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کی تھی۔ جس کے بعد سنی اتحاد کونسل نے الیکشن کمیشن کو درخواست دی تھی کہ انہیں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں دی جائیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنایا گیا۔ یہ بھی یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات سے قبل پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات معطل کر دیے تھے اور ان سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے امیدواروں نے آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button